latest newsPakistan

دیوانی مقدمات تکنیکی بنیادوں پر خارج کرنے کے بجائے میرٹ پر نمٹائے جائیں، سپریم کورٹ

وکیل کی غیرحاضری پر مقدمہ خارج کرنے کے خلاف درخواستیں منظور، لاہور ہائیکورٹ کو دونوں نظرثانی درخواستیں بحال کرنے کا حکم

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ دیوانی مقدمات معمول کے مطابق تکنیکی بنیادوں پر خارج کرنے کے بجائے میرٹ پر نمٹائے جانے چاہئیں۔ عدالتوں کو ضابطہ جاتی پابندیوں اور حقیقی انصاف کے تقاضوں کے درمیان توازن برقرار رکھنا چاہیے۔

جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل تین رکنی بینچ نے یہ فیصلہ صفدر علی بٹ کی جانب سے دائر دو دیوانی درخواستیں منظور کرتے ہوئے دیا۔ درخواست گزار نے لاہور ہائیکورٹ کے ان احکامات کو چیلنج کیا تھا جن کے تحت ان کی دیوانی نظرثانی درخواستیں بحال کرنے سے انکار کیا گیا تھا۔

جسٹس محمد علی مظہر کی تحریر کردہ فیصلے میں کہا گیا کہ انصاف کا تقاضا نہ تو مقدمات کو خودکار طریقے سے خارج کرنا ہے اور نہ ہی ہر صورت بحال کرنا۔ عدالتوں کو ہر مقدمے کے حالات کا جائزہ لینا چاہیے، خصوصاً یہ دیکھنا ضروری ہے کہ فریق کی عدم حاضری کی کوئی حقیقی اور معقول وجہ موجود تھی یا نہیں۔

مقدمے کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں 2016 سے زیرِ التوا دو دیوانی نظرثانی درخواستیں 2 فروری 2026 کو درخواست گزار کے وکیل کی عدم حاضری پر خارج کردی گئی تھیں۔ ان درخواستوں کی بحالی کے لیے اگلے ہی روز درخواستیں دائر کردی گئی تھیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی پیروی کرنے والے وکیل شاہد عظیم باجوہ کورونا وائرس میں مبتلا تھے اور کمرہ عدالت سے باہر موجود تھے۔ مقدمات کی سماعت کے لیے پکارے جانے پر وہ عدالت کی جانب دوڑے، تاہم شدید رش کے باعث بینچ تک نہیں پہنچ سکے۔

سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ مخالف وکیل نے اس وضاحت کی تردید نہیں کی اور نہ ہی یہ ثابت کیا کہ درخواست گزار کے وکیل نے جان بوجھ کر کارروائی میں تاخیر کی تھی۔ عدالت کے مطابق ریکارڈ میں بھی کوئی سابقہ مثال موجود نہیں تھی جس سے ظاہر ہو کہ وکیل غفلت کے مرتکب ہوئے یا مقدمات کے طویل عرصے تک زیرِ التوا رہنے کے ذمہ دار تھے۔

فیصلے میں وکلا کو ہدایت کی گئی کہ وہ سماعت کی تاریخوں، کاز لسٹ اور متعلقہ عدالتی بینچوں پر نظر رکھیں، مصروفیات میں تصادم کی صورت میں متبادل انتظامات کریں اور مقدمے کی پیش رفت، ممکنہ خطرات اور تصفیے کی پیشکشوں سے اپنے موکلوں کو آگاہ رکھیں۔ عدالت نے کہا کہ موکلوں کو بھی اپنے مقدمات کی باقاعدگی سے پیروی کرنی چاہیے اور تمام ذمہ داری وکلا پر نہیں چھوڑنی چاہیے۔

سپریم کورٹ نے خبردار کیا کہ معقول وضاحت کے بغیر وکیل کی غفلت پر مقدمات خارج کرنا پیشہ ورانہ ساکھ کو شدید نقصان پہنچاتا ہے۔ ایسی صورت میں لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بار کونسلز ایکٹ 1973 کے تحت متعلقہ بار کونسل میں پیشہ ورانہ بدعنوانی کی شکایت بھی کی جا سکتی ہے۔

عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کے دونوں احکامات کالعدم قرار دیتے ہوئے ہر مقدمے میں 10 ہزار روپے جرمانے کی ادائیگی سے دیوانی نظرثانی درخواستیں بحال کردیں۔ درخواست گزار کو مجموعی طور پر 20 ہزار روپے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے میڈیکل سینٹر میں جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button