latest newsPolitics

ترقیاتی فنڈز نہ ملے تو پوری پنجاب حکومت کو عدالت لے جائیں گے، حسین الہٰی

عظمیٰ بخاری کا جوابی وار، بولیں آپ کے پورے خاندان کی لمبی کہانیاں ہیں، وقت آیا تو سنا دوں گی

مسلم لیگ (ق) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری حسین الہٰی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چوہدری سالک کو عدالتوں میں گھسیٹنے کی بات کی ہے، اگر انہیں ترقیاتی فنڈز فراہم نہ کیے گئے تو وہ پوری پنجاب حکومت کو عدالت میں لے جائیں گے۔

گجرات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حسین الہٰی نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے گجرات کی ہر گلی میں ترقیاتی کام کروائے، جبکہ موجودہ پنجاب حکومت نے 11 ارب روپے جہاز پر خرچ کردیے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت کو عوام کی کوئی فکر نہیں اور لاہور کے حکمرانوں کو لاہور کے سوا کچھ نظر نہیں آتا۔

ادھر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سوشل میڈیا پر حسین الہٰی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہیں جواب دیا کہ آپ کے پورے خاندان کی لمبی چوڑی کہانیاں ہیں، کسی وقت کہیں گے تو پوری سنا دوں گی۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ کئی سال مختلف عہدوں پر رہنے کے باوجود آپ گجرات کی حالت نہیں بدل سکے، لاہور کے بارے میں بات کرتے ہوئے شرم نہیں آتی۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے خاندان کے افراد ڈپٹی وزیراعظم، وزیراعلیٰ، اسپیکر پنجاب اسمبلی اور وفاقی و صوبائی وزیر رہے، اس کے باوجود گجرات کے لیے کچھ کیوں نہیں کیا؟ پہلے اس سوال کا جواب دیں۔

وزیر اطلاعات کے مطابق مریم نواز جو کام کر رہی ہیں، اس سے بعض لوگوں کو بہت تکلیف ہو رہی ہے۔ پنجاب کے عوام ضمنی انتخابات میں مریم نواز کی خدمت کی سیاست پر اپنے اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں، تاہم کچھ لوگوں کو یہ بات ہضم نہیں ہو رہی۔

حسین الہٰی نے سوشل میڈیا پر عظمیٰ بخاری کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی ان کی قیادت کو چار دہائیوں سے جانتے ہیں۔ ان کے بقول ان کی قیادت کے پورے خاندان کی بھی لمبی چوڑی کہانیاں ہیں، وقت آیا تو وہ بھی سب کچھ سنا دیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button