latest newsPakistan

تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں مزید پانی چھوڑنے کا امکان، اٹک اور ہری پور میں الرٹ جاری

آئندہ 24 گھنٹوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کی پیش گوئی، شہریوں کو مال مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت

تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں آج رات مزید اضافی پانی چھوڑے جانے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریا میں پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کی توقع ہے۔ اٹک اور ہری پور اضلاع میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ اٹک نے دریائے سندھ کے قریب واقع چھچھ گاؤں کے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ تحصیل حضرو کے مختلف علاقوں کے لیے بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے مال مویشی فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرلیں۔ اس سلسلے میں حضرو انتظامیہ کی جانب سے مختلف مساجد میں اعلانات بھی کیے گئے ہیں۔

اس سے قبل شام کے وقت تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں ڈیڑھ لاکھ کیوسک پانی چھوڑنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔ مشیر آبپاشی کے مطابق دریائے سندھ میں ہنڈ کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 33 ہزار 737 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح کم کرکے ایک ہزار 490 فٹ تک لائی جا رہی ہے، جس کا عمل دوپہر 12 بجے تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب تربیلا ڈیم کے توسیعی پن بجلی منصوبے کی کنکٹنگ ٹنل کی کھدائی کے دوران چٹان کا ایک کمزور حصہ گرنے سے پانی ٹنل اور پاور ہاؤس میں داخل ہوگیا تھا۔

واپڈا ترجمان کے مطابق ان ٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے۔ منصوبے کی مین ٹنل، زیرِ تعمیر پاور ہاؤس اور سوئچ یارڈ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، جبکہ تمام مقامی اور غیر ملکی کارکنوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

ترجمان واپڈا نے تربیلا کی ٹنل نمبر پانچ منہدم ہونے کی اطلاعات کو غلط قرار دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حادثے کے بعد توسیعی پن بجلی منصوبے پر کام روک دیا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button