latest newsPoliticsWorld

ایران جنگ نے ہمیں نقصان پہنچایا، ٹرمپ کا اعتراف

جنگ کو مزید وسعت دینے کا ارادہ نہیں، امریکی صدر نے وسط مدتی انتخابات میں شکست کی وجوہات بھی بتادیں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جنگ کو مزید وسعت نہ دینے کا اشارہ دیتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ اس جنگ نے امریکا کو نقصان پہنچایا اور ری پبلکن پارٹی کی وسط مدتی انتخابات میں شکست کی اہم وجوہات میں سے ایک بنی۔

امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران جنگ کو مزید پھیلانے کی کوئی وجہ نہیں اور وہ ایسا کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف جنگ نے امریکا کو نقصان پہنچایا، تاہم تہران پر حملوں کا دفاع کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کے ذریعے ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکا گیا، جو تاریخی اعتبار سے درست فیصلہ ثابت ہوگا۔ ٹرمپ کے مطابق ایران پر حملے اس کے جوہری پروگرام کے خاتمے کے لیے کیے گئے۔

امریکی صدر نے ایران جنگ کے علاوہ بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتوں، اسرائیل مخالف جذبات اور سخت امیگریشن پالیسی کو بھی وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکنز کی شکست کی وجوہات قرار دیا۔

ادھر ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ایک بار پھر امریکا کے ساتھ تنازع مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران عزت اور احترام کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ ایران بات چیت اور مذاکرات پر یقین رکھتا ہے۔ اگر مذاکرات کے ذریعے اپنے حقوق حاصل کیے جا سکتے ہیں تو خود کو جنگ میں نہیں جھونکنا چاہیے۔

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ایران طاقت کے استعمال یا دھونس کے آگے ہتھیار نہیں ڈالے گا۔

دوسری جانب امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران جنگ میں تباہ ہوچکا ہے اور اس وقت اپنی کمزور ترین پوزیشن پر ہے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیٹ ہیگستھ کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ہر ممکنہ راستے کے انتخاب میں برتری حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ جو بھی فیصلہ کرنا چاہیں، یہ ان کا اختیار ہے اور امریکی محکمہ دفاع انہیں مطلوبہ وسائل فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button