جمائما گولڈ اسمتھ کا رسل برانڈ پر تشدد اور بدسلوکی کا الزام
2014 میں پولیس بلا کر برانڈ کو گھر سے نکلوایا تھا، بچوں کی خاطر خاموش رہی، سابق اہلیہ کا بیان

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے برطانیہ کے معروف کامیڈین، اداکار اور ٹی وی میزبان رسل برانڈ پر تشدد، جبر اور بدسلوکی کے الزامات عائد کیے ہیں۔
اپنے بیان میں جمائما نے کہا کہ 2014 میں ایک پرتشدد واقعے کے بعد انہوں نے پولیس کو بلا کر رسل برانڈ کو اپنے گھر سے نکلوایا تھا۔ بچوں کی خاطر اس وقت خاموش رہیں اور قانونی کارروائی نہیں کی۔ ان کے مطابق گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے برانڈ کے ساتھ ان کا کوئی رابطہ نہیں ہے۔
جمائما نے رسل برانڈ کے خلاف جنسی استحصال کے مقدمے میں سامنے آنے والی متاثرہ خواتین کی بہادری کو بھی سراہا۔
اپنے بیان میں انہوں نے تھراپسٹ سلویا برکی کے خلاف ہراسانی سے متعلق عدالتی حکم کا پس منظر بھی بیان کیا۔ جمائما کا الزام ہے کہ برکی نے انہیں یہود مخالف پیغامات، قتل کی دھمکیاں اور نفرت انگیز ای میلز بھیجیں، جبکہ ان کے بچوں، خاندان، دفتر، صحافیوں اور یونیسیف کو بھی نشانہ بنایا۔
جمائما کے مطابق برکی نے ان پر اغوا، پولیس کو رشوت دینے اور جج کو خریدنے جیسے بے بنیاد الزامات بھی عائد کیے۔ ہائی کورٹ نے برکی کی ہراسانی کی مہم کو ظالمانہ اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف حکم مستقل کردیا۔ جمائما نے کہا کہ وہ عدالتی حکم میں ترمیم پر رضامند ہیں۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ انہیں دوبارہ ہراساں کیا جا سکتا ہے، تاہم اس اطمینان کا اظہار کیا کہ رسل برانڈ کو بالآخر انصاف کا سامنا کرنا پڑا۔ رسل برانڈ اور جمائما گولڈ اسمتھ ماضی میں ذاتی تعلق میں رہ چکے ہیں۔



