دنیا کی طویل ترین ریلوے سرنگ سوئٹزرلینڈ میں واقع ہے
گوٹہارڈ بیس ٹنل 57.1 کلومیٹر طویل، تعمیر پر 12 ارب سوئس فرانک خرچ ہوئے، منصوبہ مکمل ہونے میں تقریباً 17 سال لگے

کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا کی سب سے طویل ریلوے سرنگ کس ملک میں واقع ہے اور اس کی لمبائی کتنی ہے؟ دنیا کی طویل ترین ریلوے سرنگ سوئٹزرلینڈ میں واقع ہے، جسے گوٹہارڈ بیس ٹنل (Gotthard Base Tunnel) کہا جاتا ہے۔ اس کی لمبائی 57.1 کلومیٹر، یعنی تقریباً 35.5 میل ہے۔
سوئس الپس کے پہاڑوں کے نیچے تعمیر کی گئی یہ سرنگ سطحِ زمین سے تقریباً 2300 میٹر کی گہرائی میں واقع ہے۔ اس پر ٹرینوں کی آمدورفت کا باقاعدہ آغاز 11 دسمبر 2016 کو ہوا۔ یہ سرنگ سوئٹزرلینڈ کے شہروں زیورخ اور لوگانو کے درمیان ریلوے رابطے کا اہم حصہ ہے۔

تقریباً 12 ارب سوئس فرانک کی لاگت سے مکمل ہونے والے اس منصوبے پر ابتدائی طور پر 6 ارب فرانک خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔ اس کی تعمیر میں لگ بھگ 17 سال لگے اور اس نے جاپان کی سیکان ٹنل سے دنیا کی طویل ترین ریلوے سرنگ کا اعزاز حاصل کرلیا، جس کی لمبائی 53.9 کلومیٹر ہے۔
اس سرنگ کی تعمیر کے دوران تقریباً 20 برس میں کروڑوں ٹن ملبہ نکالا گیا، جبکہ کھدائی کے لیے استعمال ہونے والی ڈرلنگ مشین کی لمبائی چار فٹبال گراؤنڈز کے برابر تھی۔
گوٹہارڈ بیس ٹنل کا تصور پہلی مرتبہ 1947 میں سامنے آیا تھا، جب ٹریفک پلانر کارل ایڈورڈ گرونر (Carl Eduard Gruner) نے اس منصوبے کے ابتدائی خاکے تیار کیے۔ 1960 کی دہائی میں سوئس حکومت نے اس کی تعمیر کے امکانات کا جائزہ لینے کے لیے ایک ادارہ قائم کیا، تاہم 1970 کی دہائی کی معاشی کساد بازاری اور منصوبے کی مخالفت کے باعث تعمیراتی کام کئی دہائیوں تک شروع نہ ہوسکا۔
1992 اور 1998 میں سوئس عوام نے دو ریفرنڈمز کے ذریعے منصوبے کی تعمیر کے حق میں ووٹ دیا، جس کے بعد 1999 میں باقاعدہ تعمیراتی کام شروع ہوا۔
اس وقت سرنگ سے مسافر ٹرینیں 200 کلومیٹر فی گھنٹہ یا اس سے زیادہ رفتار سے گزرتی ہیں، جبکہ ہر گھنٹے تقریباً دو ٹرینیں اس راستے سے سفر کرتی ہیں۔ اس منصوبے کے باعث زیورخ اور اٹلی کے شہر میلان کے درمیان سفر کے وقت میں تقریباً نصف گھنٹے کی کمی واقع ہوئی ہے۔



