latest newsPakistan

پاکستان ریلوے نے پہلی مرتبہ 100 ارب روپے کا ہدف عبور کرلیا، حنیف عباسی

اگلا ہدف 160 ارب روپے ہے، مزید ٹرینوں کو اپ گریڈ اور ریلوے اسپتالوں کو آؤٹ سورس کیا جائے گا، وزیر ریلوے

لاہور(عمران اسلم) وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے نے اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ 100 ارب روپے کا ہدف عبور کرلیا ہے، جبکہ اگلا ہدف 160 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں عوام ایکسپریس کی نئی بوگیوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ عوام ایکسپریس کی حالت پہلے ایسی تھی کہ اسے دیکھنے کو دل نہیں چاہتا تھا۔ مزید ٹرینوں کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔ قراقرم اور ملت ایکسپریس میں بھی مسائل سامنے آئے تھے، جنہیں دور کردیا گیا۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ دیگر شعبوں کی طرح ریلوے کو بھی نجکاری کی جانب لے جایا جا رہا ہے اور ریلوے اسپتال آؤٹ سورس کیے جائیں گے، تاہم ریلوے ملازمین کا علاج مفت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ریلوے کے مزدور کا بچہ بھی اچھی تعلیم حاصل کر رہا ہے۔

حنیف عباسی نے بتایا کہ ریلوے نے صوبوں کی مشاورت سے مختلف منصوبوں کا آغاز کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے برانچ روٹس پر ٹرینیں بحال کرنے کے بارے میں پوچھا تو انہیں بتایا کہ رواں سال چار اور آئندہ مالی سال میں مزید چار ٹرینیں فعال کردی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ساتھ معاہدے ہوچکے ہیں، جبکہ سندھ بھی برانچ روٹس کو فعال کرنا چاہتا ہے تو اس کے لیے سہولت موجود ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button