کوکو گاف نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جیسیکا پیگولا کو شکست دے دی

ڈبلیو ٹی اے فائنلز کے گروپ مرحلے میں امریکی کھلاڑی کی کامیابی، لنڈا نوسکووا نے بھی مارٹا کوستیُک کو ہرا دیا
لاس اینجلس: امریکی ٹینس اسٹار کوکو گاف نے ڈبلیو ٹی اے فائنلز کے گروپ مرحلے کے افتتاحی میچ میں ہم وطن جیسیکا پیگولا کو سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4-6، 7-6 (7-5)، 2-6 سے شکست دے دی۔
انڈین ویلز میں اتوار کو کھیلے گئے میچ میں دو گرینڈ سلام ٹائٹلز جیتنے والی کوکو گاف دوسرے سیٹ میں 1-5 کے خسارے میں چلی گئی تھیں، تاہم انہوں نے دسویں گیم میں تین سیٹ پوائنٹس بچائے اور مسلسل پانچ گیمز جیت کر 5-6 کی برتری حاصل کرلی۔
پیگولا نے گاف کا ایک میچ پوائنٹ بچایا اور بارہویں گیم جیت کر مقابلہ ٹائی بریکر میں پہنچا دیا، جہاں انہوں نے 2-5 کی برتری حاصل کی اور فورہینڈ ریٹرن ونر کی مدد سے تیسرا سیٹ یقینی بنایا۔
تیسرے سیٹ میں گاف نے ابتدا ہی میں 0-3 کی برتری حاصل کرلی اور پھر حریف کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔ پیگولا کا آخری بیک ہینڈ شاٹ بیس لائن سے باہر جانے پر گاف نے دو گھنٹے 39 منٹ میں میچ اپنے نام کرلیا۔
کامیابی کے بعد کوکو گاف نے کہا کہ وہ اس میچ سے لطف اندوز ہوئیں۔ تقریباً ایک ماہ کے وقفے کے بعد واپسی اور بغیر تیاری کے اتنے بڑے ٹورنامنٹ میں کھیلنا ان کے لیے نیا تجربہ تھا۔ انہوں نے مشکل مقابلے میں کامیابی پر خوشی اور اپنے کھیل پر فخر کا اظہار کیا۔
کوکو گاف 2023 میں یو ایس اوپن اور 2025 میں فرنچ اوپن کی چیمپئن رہ چکی ہیں۔ گاف اور پیگولا کے درمیان اس سے قبل کھیلے گئے 10 مقابلوں میں دونوں نے پانچ، پانچ میچ جیتے تھے۔
گروپ ون کے ایک اور افتتاحی میچ میں ومبلڈن کی موجودہ چیمپئن چیک جمہوریہ کی لنڈا نوسکووا نے یوکرین کی مارٹا کوستیُک کو 2-6، 4-6 سے شکست دے دی۔ 21 سالہ نوسکووا نے یہ مقابلہ صرف 86 منٹ میں جیتا۔
عالمی نمبر ایک اور دفاعی چیمپئن ایلینا ریباکینا نے وائرل بیماری کے باعث ہفتے کو ڈبلیو ٹی اے فائنلز سے دستبرداری اختیار کرلی تھی، جس کے بعد ان کی جگہ کوستیُک کو ایونٹ میں شامل کیا گیا۔
نوسکووا کی کوستیُک کے خلاف یہ رواں سال میں چوتھی ملاقات میں تیسری کامیابی تھی۔ دونوں کھلاڑی پہلی مرتبہ ڈبلیو ٹی اے فائنلز میں حصہ لے رہی ہیں۔
رواں سال ڈبلیو ٹی اے فائنلز کا انعقاد سعودی عرب میں ہونا تھا، تاہم جولائی میں اسے انڈین ویلز منتقل کردیا گیا۔ یہ فیصلہ فروری میں ایران پر امریکی فوجی حملوں اور اس کے بعد خطے میں شروع ہونے والی جنگ کے تناظر میں کیا گیا۔



