تربیلا ڈیم پر زیرِ تعمیر ویئر کا حصہ منہدم، کروڑوں روپے کے نقصان کا خدشہ

عالمی بینک کی مالی معاونت سے جاری منصوبے کا تعمیراتی ڈھانچہ گرا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، مرکزی ڈیم محفوظ ہے
ہری پور: تربیلا ڈیم پر عالمی بینک کی مالی معاونت سے زیرِ تعمیر ایک اہم ویئر (Weir) کا حصہ اچانک منہدم ہوگیا، جس کے نتیجے میں کروڑوں روپے کے مالی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق منہدم ہونے والا حصہ ڈیم سے منسلک ایک اہم تعمیراتی ڈھانچے کا تھا، جہاں 300 سے زائد چینی کارکن کام کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ واقعے سے تربیلا ڈیم کا مرکزی ڈھانچہ یا مین ڈیم متاثر نہیں ہوا بلکہ اس سے منسلک علیحدہ ویئر کا ایک حصہ گرا ہے۔
واقعے کے بعد متعلقہ حکام سے تفصیلات حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ ڈپٹی کمشنر ہری پور بھی نقصان کی نوعیت اور شدت کا جائزہ لینے کے لیے جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوگئے ہیں۔
تاحال واقعے سے متعلق سرکاری سطح پر تفصیلات کی تصدیق نہیں ہوسکی۔



