امریکی ریاستوں میں ڈیموکریٹ اٹارنی جنرلز کی تعداد 29 ہوگئی، قانونی منظرنامے میں بڑی تبدیلی متوقع
ٹیکساس، اوہائیو اور جارجیا سمیت اہم ریاستوں میں ری پبلکن امیدواروں کو شکست، امیگریشن، اسقاطِ حمل اور وفاقی پالیسیوں کے خلاف قانونی محاذ مضبوط ہونے کا امکان

امریکی وسط مدتی انتخابات میں اہم ریاستوں میں ڈیموکریٹ امیدواروں کے اٹارنی جنرل منتخب ہونے سے ملک کے قانونی اور سیاسی منظرنامے میں بڑی تبدیلی متوقع ہے۔ دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق 3 نومبر کے انتخابات میں ٹیکساس، اوہائیو اور جارجیا سمیت اہم ریاستوں میں ری پبلکن امیدواروں کو شکست ہوئی، جس کے نتیجے میں جارجیا، آئیووا، اوہائیو، کنساس اور ٹیکساس کے اٹارنی جنرل کے دفاتر ڈیموکریٹس کے پاس چلے جائیں گے۔
اس کامیابی کے بعد اٹارنی جنرل کے عہدوں پر ڈیموکریٹس کی تعداد بڑھ کر 29 ہوگئی ہے، جس سے انہیں قدامت پسند پالیسیوں کے خلاف قانونی محاذ پر زیادہ مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔ نئے منتخب اٹارنی جنرل وفاقی حکومت کی بعض پالیسیوں، ماحولیاتی قوانین میں تبدیلیوں اور اسلحے سے متعلق پابندیوں کے حوالے سے مشترکہ قانونی کارروائیاں کرسکتے ہیں۔
اس تبدیلی سے ری پبلکن ریاستوں کے درمیان پہلے سے موجود قانونی اتحاد بھی متاثر ہونے کا امکان ہے، کیونکہ نئی قیادت سابقہ قانونی مقدمات اور قدامت پسند پالیسیوں کی حمایت پر نظرثانی کرسکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امیگریشن کے معاملے پر بھی پالیسی میں تبدیلی متوقع ہے۔ ڈیموکریٹ اٹارنی جنرل وفاقی امیگریشن کارروائیوں میں ریاستی تعاون محدود یا ختم کرنے، مقامی حکومتوں کو قانونی رہنمائی فراہم کرنے اور ملک بدری یا حراست سے متعلق وفاقی اقدامات کو عدالتوں میں چیلنج کرنے کے لیے اقدامات کرسکتے ہیں۔
اسقاطِ حمل اور تولیدی صحت کے حقوق کا تحفظ بھی ان کی ترجیحات میں شامل ہوگا۔ اس سلسلے میں اسقاطِ حمل کی ادویات کی فراہمی، علاج معالجے تک رسائی اور دیگر ریاستوں کی جانب سے عائد پابندیوں کے خلاف قانونی کارروائیاں متوقع ہیں۔
معاشی معاملات میں نئے اٹارنی جنرل صارفین کے حقوق کے تحفظ پر توجہ دیں گے۔ اس ضمن میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ناجائز اضافے، بجلی کے بلوں، مکانات کے کرایوں اور کمپنیوں کے گمراہ کن کاروباری طریقوں کے خلاف کارروائیاں شامل ہوسکتی ہیں۔
دی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال، الگورتھم کے ذریعے قیمتوں کے تعین، صارفین کے ذاتی ڈیٹا کے حصول اور بچوں کی آن لائن حفاظت سے متعلق سخت قوانین متعارف کرانے کی کوششیں بھی متوقع ہیں۔
یوں ڈیموکریٹس کی حالیہ انتخابی کامیابی سے امریکا میں وفاقی پالیسیوں، امیگریشن، تولیدی صحت، صارفین کے حقوق اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں قانونی کشمکش کا نیا مرحلہ شروع ہوسکتا ہے۔



