entertanmentlatest news

اداکارہ ریما خان 16 سال بعد فلمی پردے پر واپسی کے لیے تیار

وجاہت رؤف کی عید پر ریلیز ہونے والی فلم ’’پنچھی پیارے‘‘ میں مرکزی کردار ادا کریں گی

کراچی: پاکستانی فلموں کی معروف اداکارہ ریما خان تقریباً 16 سال کے وقفے کے بعد ایک بار پھر بڑے پردے پر جلوہ گر ہونے کے لیے تیار ہیں۔ وہ فلم ساز وجاہت رؤف کی آنے والی فلم ’’پنچھی پیارے‘‘ کا حصہ بن گئی ہیں۔

ریما خان کی فلمی دنیا میں واپسی کی خبر پر مداحوں اور شوبز حلقوں کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ فلم کے ہدایت کار وجاہت رؤف نے ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اعلان کے بعد انہیں فلمی صنعت اور عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریما خان کو دوبارہ بڑے پردے پر دیکھنا شائقین کے لیے ایک تحفہ ہوگا، وہ پاکستانی فلمی صنعت کا قیمتی اثاثہ اور لیجنڈ ہیں۔

وجاہت رؤف کے مطابق ’’پنچھی پیارے‘‘ خاندانی مزاحیہ فلم ہے، جس میں جذباتی رنگ بھی نمایاں ہوگا۔ اسے عید کے موقع پر شائقین کے لیے ایک مکمل تفریحی فلم کے طور پر تیار کیا جا رہا ہے۔ ان کے بقول ریما خان کو فلم کا اسکرپٹ پسند آیا، اسی لیے انہوں نے اس منصوبے کا حصہ بننے کا فیصلہ کیا۔

ریما خان نے 1990ء میں فلم ’’بلندی‘‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور جلد ہی 1990ء اور 2000ء کی دہائی کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں شمار ہونے لگیں۔ دو دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط اپنے کیریئر میں انہوں نے اردو اور پنجابی زبانوں کی 200 سے زیادہ فلموں میں کام کیا۔

ان کی نمایاں فلموں میں ’’نکاح‘‘ (1998ء)، ’’مجھے چاند چاہیے‘‘ (2000ء)، ’’شرارت‘‘ (2003ء)، ’’کوئی تجھ سا کہاں‘‘ (2005ء) اور ’’لو میں گم‘‘ (2011ء) شامل ہیں۔

ریما خان نے اداکاری کے ساتھ ہدایت کاری اور فلم سازی کے میدان میں بھی قدم رکھا اور فلم ’’کوئی تجھ سا کہاں‘‘ سے ہدایت کاری و پروڈکشن کا آغاز کیا۔ پاکستانی سینما کے لیے خدمات کے اعتراف میں انہیں 2019ء میں صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔

ان کی آخری بڑی فلم ’’لو میں گم‘‘ 2011ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ ’’پنچھی پیارے‘‘ میں ان کی شرکت کو پاکستانی سینما میں ایک نمایاں واپسی قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم فلم میں ان کے کردار اور دیگر فنکاروں کے ناموں کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button