latest newsPolitics

پی ٹی آئی کے 13 سالہ دورِ حکومت میں کرپشن اور بدانتظامی ہوئی، امیر مقام کا الزام

مالاکنڈ: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران امیر مقام نے الزام عائد کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے 13 سالہ دورِ حکومت میں کرپشن اور بدانتظامی عروج پر رہی، جس پر پارٹی کو جواب دہ ہونا پڑے گا۔

بٹ خیلہ، ضلع مالاکنڈ میں مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام ’’یومِ نجات‘‘ کے عنوان سے منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی آئی نے تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکا دیا اور صوبے میں 13 سالہ دورِ اقتدار کے دوران مبینہ بدعنوانی اور ناقص طرزِ حکمرانی کا حساب دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اقتدار کے خاتمے کے بعد خیبرپختونخوا میں امن، ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔ عوام کو ان کی دہلیز پر امن، ترقی اور وسائل فراہم کیے جائیں گے جبکہ ترقیاتی مواقع اور وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہوں گے۔

امیر مقام نے الزام عائد کیا کہ اگر پی ٹی آئی نے دہشت گردوں کی سہولت کاری نہ کی ہوتی تو صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی کی نوبت نہ آتی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکامی کے باعث لوگوں نے پی ٹی آئی سے منہ موڑ لیا ہے۔

انہوں نے خیبرپختونخوا کے عوام کو امن، تحفظ، ترقی اور خوشحالی فراہم کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button