Businesslatest news

کراچی کے ریسٹورنٹ میں روبوٹ ویٹریس کی دھوم، گاہکوں کی توجہ کا مرکز بن گئیں

 کراچی کے ایک نیون لائٹس سے سجے ریسٹورنٹ میں روبوٹ ویٹریس گاہکوں کو پیزا اور دیگر کھانے پیش کرکے سب کی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔ پاکستان میں روبوٹک عملے کا یہ منفرد تجربہ شہریوں، خصوصاً بچوں اور خاندانوں کے لیے دلچسپی کا باعث بن گیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کراچی کے ریسٹورنٹ ’’دی سسلیئن‘‘ میں روبوٹ ویٹریس روبیا اور جوجو کھانے کی میزوں تک پہنچ کر گاہکوں کا استقبال کرتی ہیں۔ روبیا الیکٹرانک آواز میں اپنا تعارف کراتے ہوئے کہتی ہے کہ ’’سسلیئن میں خوش آمدید، میرا نام روبیا ہے۔‘‘

یہ روبوٹس پاکستانی انجینئر سید اسامہ عزیز کی تخلیق ہیں، جو خود بھی دی سسلیئن ریسٹورنٹ کے بانی ہیں۔ انہوں نے زیادہ تر مقامی طور پر تیار کردہ پرزہ جات استعمال کرتے ہوئے اپنے لیبارٹری میں ان کے سرکٹ بورڈز تیار کیے اور پروگرامنگ کی۔ یہ روبوٹس ان کی روبوٹکس کمپنی ’’کوبوٹ‘‘ کے تحت دوستوں کی معاونت اور بیرون ملک سے درآمد کیے گئے بعض الیکٹرانک پرزہ جات کی مدد سے تیار کیے گئے ہیں۔

اسامہ عزیز کے مطابق پاکستان میں روبوٹس کی تیاری کے لیے درکار آلات اور پرزہ جات آسانی سے دستیاب نہیں، اس لیے انہیں مختلف ذرائع سے حاصل کرنا پڑا۔ ان کی ورکشاپ ملتان میں قائم ہے۔

روبوٹس کے سفید گول سر، سیاہ ویزر اور گردن کے گرد سیاہ شال انہیں منفرد روپ دیتے ہیں۔ تاہم فی الحال گاہکوں کو کھانے کی ٹرے سے خود کھانا اٹھانا پڑتا ہے یا پھر انسانی عملے کی مدد لینا ہوتی ہے۔

اسامہ عزیز کا کہنا ہے کہ مستقبل میں روبوٹس میں کیمروں اور جدید امیج پروسیسنگ کی سہولت شامل کرنے کا منصوبہ ہے، جس کے ذریعے وہ گاہکوں کو پہچان سکیں گے، ان کے سابقہ آرڈرز یاد رکھیں گے اور ان کی پسند کے مطابق کھانے تجویز کرسکیں گے۔

ریسٹورنٹ آنے والے بچوں اور بڑوں میں ان روبوٹس کو دیکھنے کا خاصا جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ بچے روبوٹس کو چھونے کی کوشش کرتے ہیں جبکہ والدین ان کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بناتے ہیں۔

ایک نوجوان گاہک سونیا ڈیلوسکر نے روبوٹس کی ظاہری شکل اور ان کے اندازِ خدمت کو پسند کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مشین کے ذریعے خدمات حاصل کرنا اچھا لگتا ہے کیونکہ اس میں انسانی جذبات شامل نہیں ہوتے۔

ریسٹورنٹ انتظامیہ کے مطابق روبوٹس کی وجہ سے گاہکوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور شہر کے دور دراز علاقوں سے بھی لوگ انہیں دیکھنے کے لیے آ رہے ہیں۔ عملے کی رکن ہیلن کا کہنا ہے کہ کئی افراد نے اپنی زندگی میں پہلی مرتبہ روبوٹ کو اس انداز میں کام کرتے دیکھا ہے۔

پاکستان میں روبوٹکس کے شعبے میں یہ مقامی کوشش جدید ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال اور مقامی سطح پر اختراعات کی ایک دلچسپ مثال بن کر سامنے آئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button