latest news

اسرائیلی صدر کی اپوزیشن رہنما گادی آئزنکوٹ کو حکومت سازی کی دعوت، نیتن یاہو کے لیے مشکلات

اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے اپوزیشن رہنما اور سابق آرمی چیف گادی آئزنکوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کی باضابطہ دعوت دے دی ہے، جس کے بعد وزیراعظم نیتن یاہو کے لیے اقتدار برقرار رکھنا مزید مشکل ہوگیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق گادی آئزنکوٹ کو حکومت بنانے کے لیے 28 روز کی مہلت دی گئی ہے، تاہم ضرورت پڑنے پر صدر انہیں مزید 14 دن بھی دے سکتے ہیں۔ اگر وہ حکومت بنانے میں ناکام رہے تو نیتن یاہو کو ایک اور موقع دیا جاسکتا ہے۔ نیتن یاہو بھی ناکام ہوئے تو اگلے سال موسم بہار کے آغاز میں نئے انتخابات کرانا پڑسکتے ہیں۔

27 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات میں کسی بھی سیاسی اتحاد کو پارلیمنٹ میں واضح اکثریت حاصل نہیں ہوئی۔ 120 ارکان پر مشتمل اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) میں حکومت بنانے کے لیے کم از کم 61 نشستوں کی حمایت درکار ہے۔ انتخابی نتائج کے مطابق نیتن یاہو کے اتحاد نے 53 جبکہ آئزنکوٹ کی قیادت میں اپوزیشن اتحاد نے 48 نشستیں حاصل کیں، جب کہ باقی 19 نشستیں عرب قیادت والی جماعتوں کے حصے میں آئیں۔

حکومت سازی کے لیے آئزنکوٹ کو مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ پیچیدہ مذاکرات کرنا ہوں گے۔ ان کے سامنے ممکنہ طور پر عرب جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے، مذہبی جماعتوں کے ساتھ معاہدہ کرنے یا نیتن یاہو کے ساتھ اقتدار میں شراکت سمیت مختلف راستے موجود ہیں۔

آئزنکوٹ نے واضح کیا ہے کہ ان کے ساتھ حکومت میں شامل ہونے والی جماعتوں کو اسرائیل کو یہودی اور جمہوری ریاست تسلیم کرنے، اعلانِ آزادی کی حمایت اور حماس کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے سمیت بعض شرائط پوری کرنا ہوں گی۔

دوسری جانب عرب قیادت والی جماعتوں کی حمایت حاصل کرنا بھی ان کے لیے آسان نہیں ہوگا کیونکہ ان کے اپنے سیاسی اتحاد کے بعض ارکان اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔

آئزنکوٹ کے لیے ایک اہم چیلنج انتہائی قدامت پسند مذہبی جماعتوں کے ساتھ ممکنہ اتحاد بھی ہے، جو اپنی برادری کے لیے لازمی فوجی خدمات سے استثنیٰ برقرار رکھنے کی خواہاں ہیں۔ سابق آرمی چیف اور ان کے اتحادی انتخابی مہم کے دوران فوجی خدمات میں مساوات اور مذہبی طبقے کو حاصل استثنیٰ کے خاتمے کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔

صدر کی جانب سے حکومت سازی کی دعوت ملنے کے باوجود آئزنکوٹ کا وزیراعظم بننا یقینی نہیں، تاہم یہ پیش رفت نیتن یاہو کے لیے ایک بڑا سیاسی دھچکا قرار دی جا رہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button