latest newsPolitics

ضمنی انتخابات: این اے 77 گوجرانوالا اور پی پی 203 چیچہ وطنی میں ن لیگ کامیاب

پاکستان مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 گوجرانوالا اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 چیچہ وطنی کے ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی۔

گوجرانوالا کے حلقہ این اے 77 کے تمام 333 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے راشد بشیر ورک 43 ہزار 365 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے، جبکہ مرکزی مسلم لیگ کے محمد ابراہیم 30 ہزار 218 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔

اس نشست پر پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنا امیدوار نامزد نہیں کیا تھا جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کیا تھا۔

دوسری جانب پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 ساہیوال (چیچہ وطنی) کے ضمنی انتخاب میں بھی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمد اسد حنیف نے کامیابی حاصل کی۔ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق انہوں نے 42 ہزار 114 ووٹ حاصل کیے جبکہ تحریک احساس پاکستان کے محمد اویس محمود 24 ہزار 512 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

واضح رہے کہ این اے 77 کی نشست مسلم لیگ (ن) کے محمود بشیر ورک جبکہ پی پی 203 کی نشست حنیف جٹ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔

ادھر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے الزام عائد کیا ہے کہ گوجرانوالا کے ضمنی انتخاب میں مرکزی مسلم لیگ کے کارکن اور پولنگ ایجنٹ الیکشن کمیشن کے عملے کی موجودگی میں سرعام مہریں لگاتے رہے۔

عظمیٰ بخاری نے اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی جاری کی اور دعویٰ کیا کہ اس میں مرکزی مسلم لیگ کے پولنگ ایجنٹس کو مہریں لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قاضی ابراہیم گجر کے لوگ کھلے عام یہ عمل کرتے رہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button