دیوالی کا مقصد پٹاخے چلانا نہیں، یادیں بنانا ہے، راکل پریت سنگھ

بالی ووڈ اداکارہ راکل پریت سنگھ نے کہا ہے کہ دیوالی کا اصل مقصد پٹاخے چلانا نہیں بلکہ اہلِ خانہ اور دوستوں کے ساتھ خوشیاں بانٹنا اور خوبصورت یادیں بنانا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں اداکارہ نے دیوالی کے تہوار سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچپن میں انہیں پٹاخے چلانے کا بہت شوق تھا، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ان کا نقطۂ نظر تبدیل ہوگیا اور اب وہ پٹاخے چلانے سے مکمل طور پر گریز کرتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تہواروں کا مقصد ماحول کو آلودہ کرنا نہیں بلکہ اپنوں کے ساتھ خوشگوار لمحات گزارنا ہے۔
دیوالی کے موقع پر مٹھائیوں اور مختلف کھانوں سے لطف اندوز ہونے کے حوالے سے راکل پریت سنگھ نے بتایا کہ وہ فٹنس اور خوراک کے معاملے میں توازن برقرار رکھتی ہیں۔ پارٹیوں میں شرکت سے قبل ہلکی غذا استعمال کرتی ہیں تاکہ مختلف کھانوں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ اپنی روزمرہ روٹین بھی برقرار رکھ سکیں۔



