latest newsPakistan

پنجاب میں تعمیراتی قوانین تبدیل کرنے کی تیاری، ترقیاتی اتھارٹیز سے تجاویز طلب

لاہور (افضل افتخار): پنجاب میں تعمیراتی شعبے کے قوانین اور ضوابط میں بڑی تبدیلی کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔ لاہور سمیت صوبے بھر کی ترقیاتی اتھارٹیز سے عمارتوں کے نقشوں کی منظوری، کمرشلائزیشن اور دیگر تعمیراتی ضوابط سے متعلق تجاویز طلب کرلی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق محکمہ ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ نے صوبے میں تعمیراتی قوانین کو یکساں بنانے کے لیے مشاورتی عمل شروع کیا ہے۔ اس سلسلے میں مجوزہ پنجاب بلڈنگ ریگولیشنز 2025 کا مسودہ متعلقہ اداروں کو بھجوا کر ان سے موجودہ قوانین کا تقابلی جائزہ لینے اور سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ ترقیاتی اداروں کو 14 اور 20 اکتوبر کو خطوط ارسال کیے گئے، تاہم مقررہ وقت میں تجاویز موصول نہ ہونے پر 30 اکتوبر کو یاد دہانی کا خط بھی جاری کرنا پڑا۔ حکومتی مراسلہ 2 نومبر کو لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل اور چیف ٹاؤن پلانر آفس کو بھی موصول ہوا، جس میں مجوزہ ضوابط کا تفصیلی جائزہ لے کر سفارشات بھجوانے کی ہدایت کی گئی۔

مجوزہ تبدیلیوں کا بنیادی مقصد مختلف ترقیاتی اداروں کے زیرِ انتظام تعمیراتی قوانین میں یکسانیت پیدا کرنا اور نقشوں کی منظوری، کمرشلائزیشن، تعمیراتی معیار سمیت دیگر قانونی تقاضوں کے لیے مشترکہ ریگولیٹری فریم ورک تیار کرنا ہے۔ اس اقدام سے صوبے کے مختلف شہروں میں تعمیراتی سرگرمیوں کے لیے یکساں ضابطہ متعارف کرانے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

شہری منصوبہ بندی کے ماہرین کے مطابق نئے ضوابط کی تیاری میں مختلف شہروں کے ماسٹر پلان، مقامی ضروریات، سڑکوں کی گنجائش، پارکنگ، نکاسی آب، پانی کی فراہمی اور عمارتوں کی حفاظتی ضروریات کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہوگا۔ ان کے نزدیک قوانین میں یکسانیت کے ساتھ ان پر مؤثر عمل درآمد اور شہری بنیادی ڈھانچے کی استعداد بھی اہمیت رکھتی ہے۔

ذرائع کے مطابق متعلقہ اداروں کی سفارشات موصول ہونے اور مشاورتی عمل مکمل ہونے کے بعد مجوزہ مسودے کو حتمی شکل دی جائے گی۔ تاہم نئے قوانین کی منظوری اور نفاذ کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا، جبکہ اس معاملے پر ایل ڈی اے اور محکمہ ہاؤسنگ کا باضابطہ مؤقف بھی حاصل نہیں کیا جاسکا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button