خیبرپختونخوا پولیس میں 17 ہزار اسامیاں خالی، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے 70 ارب روپے مختص

پشاور: خیبرپختونخوا پولیس کو افرادی قوت کی شدید کمی کا سامنا ہے اور فورس میں 17 ہزار اسامیاں خالی ہیں، جبکہ سابق صوبائی حکومت نے پولیس کے لیے مختص ساڑھے 6 ارب روپے میں سے صرف ایک ارب روپے جاری کیے تھے۔
یہ انکشاف گورنر ہاؤس پشاور میں اعلیٰ سطح کے سکیورٹی اجلاس کے دوران کیا گیا، جس میں گورنر فیصل کریم کنڈی، ان کے مشیران، چیف سیکریٹری، پولیس اور بیوروکریسی کے اعلیٰ حکام سمیت دیگر سکیورٹی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے رواں سال پولیس کے لیے 70 ارب روپے اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے لیے 10 ارب 30 کروڑ روپے مختص کیے ہیں۔ دہشت گردی کے بڑھتے خطرات سے نمٹنے کے لیے ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت اور بنوں میں اینٹی ڈرون سسٹم بھی نصب کیے جائیں گے۔
صوبائی سیکریٹری داخلہ امجد علی خان نے بتایا کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے نئی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔ ان کے مطابق سابق حکومت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور افغان مہاجرین کی واپسی کے معاملے میں مؤثر تعاون نہیں کیا۔ ضم شدہ اضلاع میں پولیس کا بجٹ سابقہ ادوار میں صرف 3.2 فیصد تھا، جبکہ پولیس کی 10 ہزار سے زائد اور سی ٹی ڈی کی 638 اسامیاں خالی ہیں۔ 22 اضلاع کے لیے مختص 6 ارب 40 کروڑ روپے میں سے بھی صرف ایک ارب روپے جاری کیے گئے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ دو برس کے دوران 3 ہزار 788 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ایک ہزار 200 اہلکاروں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کی گرفتاری اور انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں میں تیزی لائی جائے گی۔ موجودہ حکومت پولیس کی افرادی قوت میں 15 فیصد کمی کو کم کرکے 5 فیصد تک لانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ریاست کے خلاف لڑنے والوں کے خلاف بھرپور جنگ لڑی جائے گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ افغانستان میں موجود بعض عناصر بھارت اور اسرائیل کو سہولت فراہم کررہے ہیں اور سرحد پار سے ڈرون بھیج رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے جائز وسائل کے حصول کے لیے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا جائے گا۔
گورنر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو اپنی رائے رکھنے کا حق ہے، تاہم اس بنیاد پر کام نہیں روکا جاسکتا۔ انہوں نے ایسے عناصر پر تنقید کی جو دوسروں کے بچوں کو جہاد کے لیے بھیجتے ہیں، جبکہ اپنے بچوں کو یورپ اور ترکی میں رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت کے اچھے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ پولیس میں خالی اسامیوں کی تعداد 10 ہزار نہیں بلکہ 17 ہزار ہے، جنہیں بلا تاخیر پُر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ پولیس کو مکمل حکومتی تعاون، جدید اسلحہ اور انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کے لیے وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں مولانا فضل الرحمان اور علی امین گنڈاپور بھی اپنے علاقوں میں رات کے وقت آزادانہ نقل و حرکت نہیں کرسکتے تھے، تاہم اب صورت حال تبدیل کی جائے گی۔ اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لیے پولیس کو مزید وسائل، افرادی قوت اور عملی معاونت فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔



