دباؤ اور کردار کشی سے ہمارا بیانیہ تبدیل نہیں کیا جاسکتا، فضل الرحمان

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ 34 سالہ سیاسی زندگی میں ان کے خلاف کرپشن کا کوئی مقدمہ درج نہیں ہوا، تاہم اب انہیں بدعنوان ظاہر کرنے اور کردار کشی کی کوشش کی جارہی ہے۔ دباؤ اور الزامات کے ذریعے ان کا مؤقف تبدیل نہیں کرایا جاسکتا۔
قومی تعلیمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت نے طلبہ اور اساتذہ کو اجتماعات منعقد کرنے سے روک دیا ہے اور اپنے اقدامات کے ذریعے خود اپنے خلاف نفرت پیدا کررہی ہے، جس کے اثرات ملکی نظام پر بھی پڑ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کی کردار کشی کے لیے نوٹس اچھالے جارہے ہیں، جبکہ میڈیا کو ان کا اصل مؤقف بھی قوم کے سامنے پیش کرنا چاہیے۔ ان کے خاندان، جماعت کے اہم ذمہ داروں اور کاروباری ساتھیوں پر بھی دباؤ ڈالا جارہا ہے، تاہم وہ ایسے دباؤ کے عادی ہیں اور اپنے حق کے لیے آواز بلند کرنے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
جے یو آئی سربراہ نے احتسابی اداروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ملک میں احتساب کے نام پر سیاسی انتقام لیا جارہا ہے۔ ان کے بقول یہ ادارے احتساب کے بجائے انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور ان سے انصاف کی توقع نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکمرانوں سے یہ کیوں نہیں پوچھا جاتا کہ وہ لاکھوں ایکڑ اراضی کے مالک کیسے بنے اور سیاست میں آنے کے بعد بڑے سرمایہ کار کیسے بن گئے؟
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بعض افراد کے خلاف مقدمات چلتے ہیں، انہیں سزائیں ہوتی ہیں اور قید بھی کاٹنا پڑتی ہے، لیکن وفاداری کا اعلان کرتے ہی ان کے مقدمات اور سزائیں ختم ہوجاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تحریک چلانے والے لوگ ہیں اور آگے بڑھتے رہیں گے۔ تحریک تشدد نہیں بلکہ جدوجہد کے تسلسل کا نام ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کے وسائل، معدنی ذخائر، ساحلی علاقے اور جزائر عوام کی ملکیت ہیں۔ گوادر، بلوچستان کے ساحلی علاقوں اور سندھ کے جزیروں سے متعلق فیصلوں میں عوام کے حقوق کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ ان کے مطابق موجودہ اقدامات کا ایک مقصد صوبوں کے وسائل پر اختیار حاصل کرنا اور دوسرا این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو ملنے والے محصولات کے حصے میں کمی کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبائی وسائل کے مستقبل سے متعلق فیصلے قوم کو اعتماد میں لیے بغیر قبول نہیں کیے جائیں گے۔
آئینی ترامیم کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان نے سوال کیا کہ کیا پاکستان کا آئین، ختم نبوت سے متعلق ترمیم اور اٹھارہویں آئینی ترمیم متفقہ نہیں تھیں؟ ان کا کہنا تھا کہ قومی اتفاقِ رائے کو نقصان پہنچانے کے بجائے عوام کو مطمئن کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وہ کسی سے جھگڑا نہیں چاہتے بلکہ اپنے مؤقف کے حق میں دلائل کے ساتھ بات کریں گے۔ اگر حکمران قوم کے سرمائے کو سمیٹنے کی کوشش کریں گے تو وہ ملک کو بچانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔



