latest newsWorld

غزہ میں شدید بارش، 70 ہزار خیمے زیرِ آب، بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات میں اضافہ

غزہ: غزہ میں شدید بارش نے اسرائیلی حملوں کے باعث بے گھر ہونے والے فلسطینی خاندانوں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ بارش کا پانی خیموں اور سڑکوں پر جمع ہونے سے عارضی پناہ گاہیں زیرِ آب آگئیں۔

متاثرہ خاندانوں نے بعض مقامات پر متبادل جگہ ملنے پر اپنا سامان اور اہلِ خانہ منتقل کیے، جبکہ کئی فلسطینی خیموں میں جمع پانی بالٹیوں سے نکالنے پر مجبور ہوگئے۔

غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران کم از کم 70 ہزار خیمے بارش کے پانی سے متاثر ہوئے، جس کے نتیجے میں دسیوں ہزار بے گھر افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔ سول ڈیفنس سروس کا کہنا ہے کہ متاثرہ شہریوں کی جانب سے امداد کے لیے متعدد کالز موصول ہوئی ہیں۔

میونسپل اور سول ڈیفنس حکام نے کہا ہے کہ ایندھن کی شدید قلت اور امدادی آلات کو پہنچنے والے نقصان کے باعث وہ صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ حکام کے مطابق اسرائیلی کارروائیوں کے دوران بلڈوزروں اور پانی نکالنے والی مشینوں سمیت سول ڈیفنس کی سیکڑوں گاڑیاں تباہ ہو چکی ہیں۔

اسرائیلی حملوں میں بنیادی ڈھانچے کی تباہی کے باعث فلسطینی مسلسل تیسرے موسم سرما میں بے سروسامانی کا سامنا کر رہے ہیں۔ غزہ کے 20 لاکھ سے زائد باشندوں کی اکثریت بے گھر ہو چکی ہے، جبکہ علاقے کا بیشتر حصہ کھنڈرات میں تبدیل ہونے کے باعث لاکھوں افراد خیمہ بستیوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button