نئی آٹو پالیسی کا اعلان، الیکٹرک گاڑیوں کی فنانسنگ حد ایک کروڑ روپے مقرر

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے نئی آٹو پالیسی کا اعلان کردیا ہے، جس کے تحت گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی اور مقامی پیداوار و برآمدات میں اضافے کی توقع ہے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر نے وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں نئی آٹو پالیسی کی تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کی فنانسنگ کی حد 20 لاکھ روپے سے بڑھا کر ایک کروڑ روپے کردی گئی ہے، جبکہ چارجنگ اسٹیشنز کے آلات پر کسٹم ڈیوٹی ایک فیصد اور سیلز ٹیکس صفر مقرر کیا گیا ہے۔ ایک ہزار سی سی سے کم گاڑیوں پر اضافی ٹیکس بھی عائد نہیں کیا گیا۔
ہارون اختر کے مطابق نئی پالیسی کے تحت الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے کو خصوصی مراعات دی گئی ہیں، جبکہ مقامی گاڑیوں کی پیداوار اور برآمدات بڑھانے پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ پالیسی سے گاڑیوں کی تیاری کے اخراجات کم ہونے اور حفاظتی معیار بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ درآمدی پیٹرولیم مصنوعات اور امپورٹ بل میں کمی بھی حکومت کے اہداف میں شامل ہے، جس سے بچنے والا سرمایہ صحت اور تعلیم پر خرچ کیا جاسکے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کی توجہ متوسط اور نچلے متوسط طبقے کو سہولت فراہم کرنے پر ہے۔ الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ سے ماحول بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی صنعت کو تحفظ فراہم کیا گیا، تاہم صنعت کی جانب سے صارفین کے لیے کوئی نئی سہولت متعارف نہیں کرائی گئی۔
عطا اللہ تارڑ نے عالمی کار ساز کمپنیوں کو پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کے لیے سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔



