latest newsWorld

ٹرمپ کو قتل کرنے کی مبینہ منصوبہ بندی، وائٹ ہاؤس کے قریب اسلحے سمیت وینزویلا کا شہری گرفتار

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کی مبینہ دھمکی دینے والے وینزویلا کے شہری کو وائٹ ہاؤس کے قریب اسلحے اور گولہ بارود سمیت گرفتار کر لیا گیا۔

امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق سیکرٹ سروس کے اہلکاروں نے 5 نومبر کی شب واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب مشکوک حالت میں کھڑی ایک گاڑی کی تلاشی لی تو اس میں سے ایک اے آر 15 طرز کی رائفل، دو پستول اور درجنوں گولیاں برآمد ہوئیں۔ گاڑی چوری شدہ رپورٹ ہوئی تھی۔

حکام نے گرفتار شخص کی شناخت 26 سالہ رونی یورڈریکس گوانیپا کرینوس کے نام سے کی ہے۔ محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کے مطابق وہ وینزویلا کا شہری ہے اور مارچ 2024 میں ٹیکساس کے راستے غیر قانونی طور پر امریکا میں داخل ہوا تھا۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے سیکرٹ سروس اہلکاروں کو بتایا کہ اسے اپنے ذہن میں ایسی آوازیں سنائی دے رہی تھیں جو اسے واشنگٹن آکر صدر ٹرمپ کو قتل کرنے کی ہدایت دے رہی تھیں۔

ملزم کے خلاف اسلحہ رکھنے، بغیر لائسنس پستول رکھنے، غیر قانونی طور پر گاڑی استعمال کرنے، چوری اور چوری شدہ مال رکھنے سمیت متعدد الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ وہ امریکی مارشلز سروس کی تحویل میں ہے۔

امریکی سیکرٹ سروس کے ڈائریکٹر شان کرن نے واقعے کو وائٹ ہاؤس کے قریب سکیورٹی خطرات میں اضافے کی ایک مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں کی بروقت کارروائی سے ممکنہ خطرے کو ٹال دیا گیا۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button