Businesslatest news

پاکستان کا بیرونی قرض 10 سال میں تقریباً دوگنا ہو کر 135 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا: ورلڈ بینک

اسلام آباد؛ ورلڈ بینک کی انٹرنیشنل ڈیٹ رپورٹ 2026 کے مطابق پاکستان کا مجموعی بیرونی قرض گزشتہ 10 برس کے دوران تقریباً دوگنا ہو گیا ہے اور 2025 کے اختتام تک 135 ارب 10 کروڑ ڈالر سے تجاوز کر گیا جبکہ 2015 میں یہ حجم 68 ارب 67 کروڑ ڈالر تھا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے ذمے سرکاری اور حکومتی ضمانتوں کے تحت 107 ارب 7 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا بیرونی قرض واجب الادا ہے۔ اس کے علاوہ نجی شعبے کا 17 ارب 58 کروڑ ڈالر کا ایسا قرض بھی شامل ہے جس کی حکومتی ضمانت نہیں، جبکہ مختصر مدت کے بیرونی قرضوں کا حجم 10 ارب 45 کروڑ ڈالر ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سرکاری اور حکومتی ضمانتوں والے قرضوں میں کثیرالجہتی مالیاتی اداروں سے حاصل کردہ قرض 56 ارب 83 کروڑ ڈالر، دوطرفہ قرض دہندگان سے 42 ارب 43 کروڑ ڈالر جبکہ نجی قرض دہندگان سے 7 ارب 80 کروڑ ڈالر ہے۔

پاکستان کا سب سے بڑا انفرادی قرض دہندہ چین ہے، جس کے ذمے پاکستان کے 22 ارب 40 کروڑ ڈالر واجب الادا ہیں۔ اس کے بعد عالمی بینک کا حصہ 19 ارب 20 کروڑ ڈالر اور ایشیائی ترقیاتی بینک کا قرض 16 ارب 83 کروڑ ڈالر ہے۔

ورلڈ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں پاکستان نے بیرونی قرضوں پر تقریباً 13 ارب 69 کروڑ ڈالر قرضوں کی ادائیگی کی، جس میں اصل زر اور سود کی ادائیگیاں شامل ہیں۔ اسی سال بیرونی قرضوں پر سود کی ادائیگی تقریباً 4 ارب 80 کروڑ ڈالر رہی۔

ورلڈ بینک کی یہ رپورٹ کم اور متوسط آمدنی والے ممالک کے بیرونی قرضوں کے اعداد و شمار اور قرضوں کے رجحانات کا جائزہ پیش کرتی ہے۔ اس کے مطابق پاکستان کے بیرونی قرض میں اضافے کے ساتھ قرضوں کی ادائیگی اور مالی وسائل کے انتظام کا دباؤ بھی اہمیت اختیار کر گیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ اعداد و شمار 2025 کے اختتام تک کے ہیں، موجودہ وقت کے قرضوں کی براہِ راست تازہ مالیت نہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button