latest newsWorld
امریکی فوج کی خلیج عمان میں کارروائی، ایرانی بندرگاہ سے آنے والا تجارتی جہاز ناکارہ بنا دیا

واشنگٹن: امریکی فوج نے خلیج عمان میں ایک تجارتی بحری جہاز کو کارروائی کرکے ناکارہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق جہاز کے عملے نے متعدد وارننگز نظرانداز کرتے ہوئے ایران پر عائد امریکی بحری ناکہ بندی کی خلاف ورزی کی کوشش کی۔
سینٹکام کے بیان کے مطابق امریکی فوجی طیارے نے سینٹ کٹس کے پرچم بردار کارگو جہاز ’ایم وی ہدیٰ‘ کے پچھلے حصے کو گائیڈڈ گولہ بارود سے نشانہ بنایا تاکہ اسے ناکارہ بنایا جا سکے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ جہاز کے سویلین عملے کو متعدد بار متنازع سمندری حدود سے نکلنے کی ہدایت کی گئی، تاہم انہوں نے احکامات پر عمل نہیں کیا۔ اطلاعات کے مطابق جہاز ایک ایرانی بندرگاہ کا دورہ کرنے کے بعد علاقائی پانیوں سے نکلنے کی کوشش کر رہا تھا۔
سینٹکام کے مطابق امریکی بحری ناکہ بندی کے تحت اب تک 147 تجارتی جہازوں کا رخ تبدیل کیا جا چکا ہے، جبکہ وارننگز اور احکامات نظرانداز کرنے والے پانچ تجارتی جہازوں کو نشانہ بنا کر ناکارہ بنایا گیا ہے۔
امریکی فوج نے اس کارروائی کو ایران سے متعلق بحری پابندیوں پر عمل درآمد کا حصہ قرار دیا ہے۔



