لاہور ریلوے اسٹیشن کی تاریخی حیثیت بحال کرنے کا منصوبہ، محکمہ آثارِ قدیمہ سے مشاورت

اس سلسلے میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور ڈویژن انعام اللہ نے چیف آرکیٹیکٹ محکمہ آثارِ قدیمہ پنجاب ثانیہ افضل کے ہمراہ لاہور ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسٹیشن کی تاریخی و ثقافتی اہمیت برقرار رکھتے ہوئے اس کی تزئین و آرائش اور خوبصورتی میں اضافے کے لیے جامع منصوبہ بندی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دورے کے دوران بالخصوص پلیٹ فارم نمبر 2، 4 اور 5 کی تاریخی طرزِ تعمیر اور اصل آرکیٹیکچرل ساخت کو محفوظ رکھتے ہوئے بحالی کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ اس سلسلے میں آثارِ قدیمہ کے اصولوں کے مطابق تجاویز اور سفارشات بھی زیر غور آئیں۔
ڈی ایس ریلوے انعام اللہ نے محکمہ آثارِ قدیمہ کی ٹیم کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام مراحل میں مؤثر رابطہ اور اشتراک یقینی بنایا جائے، تاکہ اسٹیشن کے تاریخی ورثے کو محفوظ رکھتے ہوئے اس کی اصل خوبصورتی بحال کی جا سکے۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ انفراسٹرکچر قاضی جواد احمد، ڈویژنل الیکٹریکل انجینئر محمد ناصر، ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر فرحت عباس فخری، ڈویژنل سگنل اینڈ ٹیلی کام انجینئر ندیم اقبال خٹک سمیت دیگر افسران اور متعلقہ عملہ بھی موجود تھا۔



