latest newsPakistan

لاہور ہائیکورٹ میں مقدمات کی سماعت اور فیصلے

رپورٹ: مبشرحسن

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی منظوری کے بعد نیب اور منشیات مقدمات کابوجھ کم کرنے کیلئےمزید 2 مختلف ڈویژن بنچز تشکیل دے دیئے گئے جو سوموار سے سماعت کریں گے،جسٹس علی ضیا باجوہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نیب کیسز کی سماعت کرے گا،جسٹس محمد امجد پرویزدو رکنی بنچ میں شامل ہونگے،دو رکنی بنچ نیب سے متعلق مقدمات اور فوجداری کیسز کی انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کرے گا،
جسٹس جواد ظفر اور طارق محمود باجوہ پر مشتمل دو رکنی بنچ منشیات کی اپیلوں پر سماعت کرے گا۔

لاہور ہائیکورٹ نے نجی میڈیکل و ڈینٹل کالجز کی جانب سے مقررہ حد سے زائد فیس وصول کرنے کے خلاف دائر درخواستوں پر اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) کو نجی میڈیکل کالجز کی ٹیوشن فیس مقرر کرنے اور اس کی نگرانی کا اختیار تسلیم کر لیا، عدالت نے نجی میڈیکل اداروں کی جانب سے فیس کی حد مقرر کرنے سے متعلق پی ایم اینڈ ڈی سی کی نوٹیفکیشنز کو چیلنج کرنے والی آئینی درخواستیں مسترد جبکہ طلبہ کی جانب سے فیس کی مقررہ حد پر عملدرآمد کی درخواستیں منظور کرلیں،جسٹس خالد اسحاق نے 28 صفحات پر مشتمل فیصلے میں قرار دیا کہ پی ایم اینڈ ڈی سی ایک باقاعدہ ریگولیٹری ادارہ ہے اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ایکٹ 2022ء کے تحت اسے نجی میڈیکل و ڈینٹل اداروں کی فیس کے حوالے سے ضابطہ سازی اور نگرانی کا اختیار حاصل ہے، عدالت نے قرار دیا کہ محض فیس کا اعلان کر دینے سے نجی اداروں کو پی ایم اینڈ ڈی سی کی جانب سے فیس کے جائزے اور نگرانی سے استثنیٰ حاصل نہیں ہو جاتا، جبکہ اداروں کی جانب سے فیس کے جواز، مالی گوشوارے اور مجوزہ فیس کا ریکارڈ ریگولیٹر کے سامنے پیش کرنا قانونی تقاضا ہے،عدالت کے مطابق نجی میڈیکل کالجز کی فیس کے حوالے سے پی ایم اینڈ ڈی سی نے 28 اپریل 2025ء کو ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگرامز کی سالانہ ٹیوشن فیس 18 لاکھ روپے مقرر کی تھی، جبکہ بعد ازاں 6 اکتوبر 2025ء کے نوٹیفکیشن کے ذریعے 2025-26 کے تعلیمی سیشن کے لیے فیس کی حد 18 لاکھ 90 ہزار روپے مقرر کی گئی، طلبہ اور والدین نے بعض اداروں کی جانب سے مقررہ حد سے زائد فیس اور دیگر غیر مجاز چارجز وصول کرنے کی شکایات کیں جس پر پی ایم اینڈ ڈی سی نے کارروائی شروع کی،فیصلے میں بتایا گیا کہ فیس کے معاملے پر قائم کمیٹی نے نجی میڈیکل اداروں کے آڈٹ شدہ مالی گوشواروں کا جائزہ لیا، یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج فیصل آباد کی 2025ء کی ایک سالہ آمدن 5 ارب 9 کروڑ 96 لاکھ روپے سے زائد جبکہ اخراجات کے بعد منافع 37 کروڑ 86 لاکھ روپے سے زائد ظاہر ہوا، کمیٹی نے ادارے کو فی طالب علم 8 لاکھ 41 ہزار 317 روپے اضافی وصول شدہ رقم واپس کرنے کا ذمہ دار قرار دیا، اسی طرح ایف ایم ایچ کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینٹسٹری لاہور کی آمدن ایک ارب 86 کروڑ 74 لاکھ روپے سے زائد اور منافع 11 کروڑ 19 لاکھ روپے سے زائد ظاہر ہوا جبکہ فی طالب علم 7 لاکھ 41 ہزار 802 روپے اضافی وصولی کی نشاندہی کی گئی،عدالت نے قرار دیا کہ پی ایم اینڈ ڈی سی کی جانب سے 11 مارچ 2026ء کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت آڈٹ شدہ مالی گوشواروں اور فیس کے جواز کا جائزہ لینے کے بعد مختلف اداروں کے لیے فیس کی مختلف بالائی حدیں مقرر کی گئیں، یونیورسٹی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج فیصل آباد کے لیے سالانہ ٹیوشن فیس 20 لاکھ 26 ہزار 341 روپے جبکہ ایف ایم ایچ کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینٹسٹری لاہور کے لیے 20 لاکھ 52 ہزار 99 روپے مقرر کی گئی تھی،لاہور ہائیکورٹ نے نجی میڈیکل اداروں کی جانب سے پی ایم اینڈ ڈی سی کے فیس نوٹیفکیشنز کو چیلنج کرنے والی تین آئینی درخواستیں خارج کرتے ہوئے طلبہ کی جانب سے دائر 12 درخواستیں منظور کرلیں اور پی ایم اینڈ ڈی سی و متعلقہ اداروں کو نوٹیفکیشنز پر عملدرآمد کا حکم دے دیا، عدالت نے مزید قرار دیا کہ زائد وصول شدہ فیس کی ایڈجسٹمنٹ یا واپسی کا معاملہ متعلقہ ادارے 30 اکتوبر 2026ء سے 30 ورکنگ دن کے اندر مکمل کریں گے،عدالت نے طلبہ کی جانب سے انتقامی یا ہراساں کیے جانے کی شکایات کا بھی نوٹس لیتے ہوئے نجی تعلیمی اداروں کو طلبہ کے ساتھ کسی بھی قسم کے امتیازی یا انتقامی سلوک سے گریز کرنے کی ہدایت کی اور قرار دیا کہ کسی طالب علم کے خلاف غیر قانونی کارروائی کی صورت میں عدالت سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے چیک کی بنیاد پررقم کی وصولی کا دعویٰ مسترد کردیا، عدالت نے نظامی فیڈز کی اپیل مسترد کرتے ہوئے ماتحت عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا جبکہ دوسرے فریق کا ہرجانے کا دعویٰ بھی ناکافی شواہد کی بنیاد پر مسترد کر دیا،عدالت نے قرار دیا ہے کہ اگر کسی چیک پرسیکیورٹی چیک درج ہو تو صرف چیک پیش کرنے سے رقم وصول کرنے کا حق ثابت نہیں ہوتا، بلکہ دعویٰ کرنے والے کو پہلے یہ ثابت کرنا ہوگا کہ متعلقہ رقم واقعی واجب الادا ہے، فیصلے کے مطابق متنازع چیک کی پشت پر سیکیورٹی چیک درج تھا، جبکہ بینک افسر نے بھی عدالت میں تصدیق کی کہ چیک بطور سیکیورٹی جاری کیا گیا تھا، اس لیے اسے غیر مشروط ادائیگی کا چیک قرار نہیں دیا جا سکتا،
عدالت نے قرار دیا کہ 39 لاکھ 50 ہزار روپے کے دعوے کے حق میں پیش کیے گئے شواہد ناکافی تھے، درخواست گزار نے حساب کتاب کی صرف نقول پیش کیں، اصل کھاتے عدالت میں پیش نہیں کیے گئے اور نہ ہی نقول پیش کرنے کے لیے عدالت سے اجازت حاصل کی گئی،فیصلے میں مزید کہا گیا کہ پیش کردہ حسابی ریکارڈایم اے فارم کے اکاؤنٹ سے متعلق تھا، جبکہ متنازع چیک مدعا علیہ کے ذاتی بینک اکاؤنٹ کا تھا، مال کی فراہمی سے متعلق آرڈرز بھی عدالت میں پیش نہیں کیے گئے، جس کے باعث حسابی ریکارڈ کو ناقابلِ اعتبار قرار دیا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس سید احسن رضا کاظمی نے فیملی پنشن کو صرف بیوہ یا شوہر تک محدود کرنے کی پابندی غیر قانونی قرار دے دی،mعدالت نے متعلقہ محکموں کو درخواست گزاروں کو سماعت کا مکمل موقع فراہم کرتے ہوئے 60 روز کے اندر قانون کے مطابق دوبارہ فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی، تحریری فیصلے میں عدالت نے قرار دیا کہ قانون میںفیملی کا لفظ استعمال ہوا ہے، جسے صرف شریکِ حیات تک محدود نہیں کیا جا سکتا، عدالت نے تین بیٹیوں کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے محکمہ خزانہ کی 30 مئی 2025 کی وضاحت کو بلا اختیار اور کالعدم قرار دے دیا، جبکہ دسمبر 2024 اور اگست 2025 کے نوٹیفکیشنز کو بھی متعلقہ حد تک غیر مؤثر قرار دیا،عدالت نے قرار کہ قانون میںفیملی کا لفظ استعمال کیا گیا ہے، جسے صرف شریکِ حیات تک محدود نہیں کیا جا سکتا، عدالت نے واضح کیا کہ قواعد و ضوابط اصل قانون سے آگے نہیں جا سکتے اور پنشن حکومت کی مہربانی نہیں بلکہ ایک قانونی حق ہے،عدالت نے غیر شادی شدہ اور طلاق یافتہ بیٹیوں کی فیملی پنشن مسترد کرنے کے احکامات بھی کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک پنشن کا حصول دوسری پنشن سے خودکار محرومی کی بنیاد نہیں بن سکتا،فیصلے میں ہدایت کی گئی کہ دونوں والدین کی پنشن سے متعلق دعووں کا الگ الگ جائزہ لیا جائے، جبکہ صرف بیٹی ہونا یا پہلے سے کسی دوسری پنشن کا حصول کسی درخواست گزار کو خودکار طور پر نااہل قرار دینے کی بنیاد نہیں ہوگا،عدالت نے واضح کیا کہ اگر درخواست گزار اہلیت کی شرائط پوری کرتے ہوں تو انہیں قانون کے مطابق پنشن اور بقایاجات ادا کیے جائیں، تاہم ہر دعوے کی اہلیت کا تعین متعلقہ محکمہ خود کرے گا اور عدالت نے براہِ راست ادائیگی کا حکم جاری نہیں کیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نےجناح ہاوس حملہ کیس میں فلک جاوید کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14دن کی توسیع کردی،تفتیشی افسر نے موقف اپنایا کہ ملزمہ فلک جاوید جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملوث ہے،ملزمہ کیخلاف مقدمہ کا سپلیمنٹری چالان تیاری کے مرحلہ میں ہے ،ملزمہ کیخلاف سپلیمنڑی چالان پیش کرنے کی مہلت دی جائے ۔

جوڈیشل مجسٹریٹ ماڈل ٹائون کچہری نےڈیانا مبینہ زیادتی کیس کےملزمان احمد تنویر اور احتشام کے جسمانی ریمانڈ میں 10 نومبر تک توسیع کردی،مدعی مقدمہ نے ملزم احمد تنویر اور احتشام کو شناخت کر رکھا ہے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button