column and articlelatest news

وزیراعلیٰ ہاؤس میں مجرا، سیاست میں کوٹے اور جمہوریت!

میری بات / روہیل اکبر

پاکستان کی سیاست بھی عجیب تماشا ہے جہاں جمہوریت کے نام پر انتخابات ہوتے ہیں، عوام ووٹ ڈالتے ہیں، سیاسی جماعتیں حکومتیں بناتی ہیں اور وزرائے اعظم اقتدار کے ایوانوں میں پہنچتے ہیں لیکن بعض اوقات فیصلوں کی کہانیاں سن کر محسوس ہوتا ہے کہ عوامی مینڈیٹ سے زیادہ اہمیت کسی اور کی مرضی کو حاصل رہی ہے۔

صحافی مطیع اللہ جان کے ساتھ ایک انٹرویو میں پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی وزیر چوہدری غلام عباس نے ماضی کی سیاست کے حوالے سے چند ایسے انکشافات کیے ہیں جو ہماری سیاسی تاریخ کے کئی بند دریچوں کو کھولتے ہیں ان کے بیان کے مطابق محترمہ بے نظیر بھٹو کو دھمکی دی گئی تھی کہ اگر پنجاب میں پیپلز پارٹی کا وزیراعلیٰ بنایا گیا تو مرکز میں ان کی حکومت ختم کر دی جائے گی یہ بیان کئی سوالات کو جنم دیتا ہے اگر ایک منتخب وزیراعظم اپنی مرضی سے کسی صوبے کا وزیراعلیٰ بھی مقرر نہیں کر سکتی تھی تو پھر عوام کے ووٹ، پارلیمانی اکثریت اور جمہوری اختیار کی حیثیت کیا رہ جاتی ہے؟

کیا جمہوریت کا مطلب صرف انتخابات کروانا ہے یا منتخب نمائندوں کو اپنی مرضی سے فیصلے کرنے کا اختیار دینا بھی اس کا حصہ ہے؟چوہدری غلام عباس نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عارف نکئی کے حوالے سے بھی ایک دلچسپ واقعہ بیان کیا ان کے مطابق عارف نکئی نے ان سے کہا کہ مجھے وزیراعلیٰ بنا دو تو ہر روز وزیراعلیٰ ہاؤس میں مجرا ہوگا اب اس جملے پر کیا تبصرہ کیا جائے؟

وزیراعلیٰ ہاؤس کسی صوبے کے عوام کی امیدوں کا مرکز ہوتا ہے وہاں تعلیم، صحت، روزگار، امن و امان اور ترقیاتی منصوبوں پر فیصلے ہونے چاہئیں لیکن اگر کسی شخص کے ذہن میں وزیراعلیٰ بننے کا تصور ہی اس نوعیت کا ہو تو پھر ہماری سیاسی ترجیحات کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔لگتا ہے ہمارے ہاں بعض لوگوں کے لیے وزارت اعلیٰ عوامی خدمت کا منصب نہیں بلکہ اقتدار کی ایسی کرسی ہے جس پر بیٹھ کر وہ اپنی خواہشات پوری کرنے کے خواب دیکھتے ہیں عوام بے روزگاری سے پریشان ہوں، ہسپتالوں میں دوائیں نہ ہوں، سکولوں میں اساتذہ نہ ہوں، لیکن حکمرانوں کی ترجیحات میں اگر مجرا سرفہرست ہو تو پھر ایسے نظام سے عوام کو کیا توقع رکھنی چاہیے؟

انٹرویو کا ایک اور دلچسپ پہلو پولیس میں کانسٹیبلوں کی بھرتی کے کوٹے کا ذکر ہے۔ چوہدری غلام عباس کے بیان کے مطابق انہیں کانسٹیبل بھرتی کروانے کا کوٹہ بھی ملا تھا۔یہاں ایک بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے کہ پولیس میں بھرتی کا اختیار میرٹ کے پاس ہونا چاہیے یا سیاسی شخصیات کے پاس؟ پولیس کسی سیاسی جماعت، وزیر یا منتخب نمائندے کی ذاتی فورس نہیں ہوتی بلکہ ریاست کا ادارہ ہے۔ اس کی بنیاد قابلیت، اہلیت اور شفاف بھرتی پر ہونی چاہیے۔ہمارے ہاں ایک نوجوان برسوں محنت کرکے تعلیم حاصل کرتا ہے، جسمانی امتحان کی تیاری کرتا ہے، تحریری امتحان دیتا ہے اور پھر بھی نوکری کے لیے سفارش تلاش کرتا پھرتا ہے۔

دوسری طرف اگر کسی سیاسی شخصیت کے پاس بھرتیوں کا کوٹہ موجود ہو تو پھر میرٹ کی باتیں محض تقریروں اور اشتہارات تک محدود رہ جاتی ہیں۔ہم نے سفارش کو اس قدر مضبوط کر دیا ہے کہ اب قابلیت بھی سفارش کے بغیر اپنا تعارف کروانے سے گھبراتی ہے۔ کسی کو نوکری چاہیے تو کسی ایم پی اے کا فون، کسی کو تبادلہ کروانا ہے تو کسی وزیر کی پرچی، کسی کو ٹھیکہ چاہیے تو کسی بااثر شخصیت کا اشارہ۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ ملک میں سرکاری ادارے نہیں بلکہ سفارش کے مختلف مراکز قائم ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ہم ہر دور میں میرٹ کی بحالی کا نعرہ سنتے ہیں مگر میرٹ بحال کرنے کے بجائے ہر آنے والا حکمران اپنے حصے کی سفارشیں اور اپنے لوگوں کے لیے راستے تلاش کرتا دکھائی دیتا ہے۔

چوہدری غلام عباس کے انٹرویو میں سامنے آنے والی باتیں صرف ماضی کی سیاسی یادیں نہیں بلکہ ہمارے نظام کے بارے میں سنجیدہ سوالات بھی ہیں۔ اگر بے نظیر بھٹو کو وزیراعلیٰ کے انتخاب پر مرکز میں حکومت ختم کرنے کی دھمکی دی گئی تھی تو اس وقت جمہوری اختیار کہاں تھا؟ اگر پولیس کی بھرتیوں میں سیاسی کوٹے موجود تھے تو میرٹ کے دعوے کس بنیاد پر کیے جاتے تھے؟ اور اگر اقتدار کے خواہش مند افراد وزیراعلیٰ ہاؤس کو تفریح گاہ بنانے کے خواب دیکھتے تھے تو عوامی خدمت کا تصور کہاں کھڑا تھا؟یہ بھی ضروری ہے کہ ان انکشافات کو تاریخی تناظر میں دیکھا جائے۔

متعلقہ کرداروں کا مؤقف سامنے آئے واقعات کی تصدیق ہو اور سیاسی تاریخ کو محض الزامات یا یادداشتوں کے حوالے نہ کیا جائے۔ہماری سیاست کا المیہ یہ ہے کہ اقتدار میں رہتے ہوئے سب اچھا ہوتا ہے اور اقتدار سے باہر آتے ہی انکشافات کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے ہر سیاستدان کے پاس اپنی کہانی ہوتی ہے، ہر جماعت کے پاس اپنے الزامات ہوتے ہیں اور ہر دور کے پاس اپنی صفائیاں ہوتی ہیں لیکن عوام کے پاس آج بھی وہی پرانے مسائل ہیں۔کسی کو وزیراعلیٰ بننے کی خواہش ہے، کسی کو وزارت چاہیے، کسی کو بھرتیوں کا کوٹہ درکار ہے اور کسی کو اپنے عزیزوں کے لیے سرکاری نوکریاں۔

عوام پوچھتے رہ جاتے ہیں کہ ہمارے لیے کیا ہے؟کاش ہمارے سیاستدان کبھی یہ بھی بتائیں کہ ان کے دور میں کتنے غریب نوجوانوں کو سفارش کے بغیر نوکری ملی، کتنے ہسپتالوں میں سہولتیں بہتر ہوئیں، کتنے سکولوں میں اساتذہ پہنچے اور کتنے بے روزگار خاندانوں کے گھروں میں خوشحالی آئی۔ہمیں وزیراعلیٰ ہاؤس میں مجرا نہیں، عوامی خدمت کے منصوبے چاہئیں۔ ہمیں کانسٹیبلوں کے سیاسی کوٹے نہیں بلکہ میرٹ پر بھرتی ہونے والے اہلکار چاہئیں۔ ہمیں اقتدار کی دھمکیاں نہیں بلکہ آئین کی بالادستی چاہیے۔

میری بات یہی ہے کہ جب سیاست میں وزیراعلیٰ کی کرسی عوامی خدمت کے بجائے ذاتی خواہشات، نوکریوں کی تقسیم اور سیاسی سودے بازی کا ذریعہ بن جائے تو پھر جمہوریت کا نام تو باقی رہ جاتا ہے لیکن اس کی روح کہیں گم ہو جاتی ہے۔

(روہیل اکبر03004821200)

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button