پنجاب حکومت کے خلاف وسیع سیاسی سازش کا شبہ ہے، خواجہ آصف

چوہدری سالک حسین نے 2 نومبر کو ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب میں کرپشن کی شکایات عام ہیں اور صوبے کے ترقیاتی بجٹ کا غیر متناسب حصہ حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے مضبوط گڑھ لاہور پر خرچ کیا جا رہا ہے۔
ان بیانات پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 3 نومبر کو چوہدری سالک حسین اور نجی ٹی وی چینل کو 5 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا، جس میں غیر مشروط معافی، بیانات واپس لینے اور ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
خواجہ آصف نے 4 نومبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں سالک حسین کے انٹرویو کو سیاسی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا مقصد مریم نواز کی حکومت کو نشانہ بنا کر وفاق اور پنجاب میں اپنی جماعت کے لیے سیاسی گنجائش پیدا کرنا ہو سکتا ہے۔
تاہم جمعرات کی شب ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے شبہ ظاہر کیا کہ یہ انٹرویو کسی بڑی سیاسی سازش کا حصہ بھی ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق بعض کاروباری شخصیات، جنہیں انہوں نے ’’موقع پرست‘‘ قرار دیا، ملک کے سب سے زیادہ آبادی والے صوبے میں موجودہ حکومت کو بدنام کرکے متبادل سیاسی انتظام قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں کرپشن کے باوجود صرف پنجاب حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانا کسی مستقبل کے سیاسی منصوبے کی تیاری معلوم ہوتا ہے۔ ان کے خیال میں بعض عناصر موجودہ سیاسی قیادت کی ممکنہ رخصتی کے بعد خود کو متبادل قیادت کے طور پر پیش کرنے کے لیے جگہ بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے تاہم کہا کہ فی الحال اس بارے میں حتمی رائے دینا قبل از وقت ہوگا۔
وزیر دفاع نے یہ امکان بھی ظاہر کیا کہ چوہدری سالک حسین کے وزیر داخلہ محسن نقوی سے خاندانی تعلقات بھی تنازع کی ایک وجہ ہو سکتے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف نے جس سازش کا شبہ ظاہر کیا ہے، حکومت کے علم میں بھی یہی حقائق ہیں۔
تاہم مسلم لیگ (ق) کے ترجمان غلام مصطفیٰ ملک نے پنجاب حکومت کے خلاف سازش کے تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ خواجہ آصف نے بھی کرپشن کے الزامات کی تائید کی ہے۔ ان کے بقول چوہدری سالک نے ایک معمول کا بیان دیا تھا، لیکن حکومت نے اسے بلاوجہ بڑا تنازع بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت نے کسی فرد کے خلاف براہ راست الزام عائد نہیں کیا۔
غلام مصطفیٰ ملک نے بتایا کہ چوہدری سالک حسین ایک دو روز میں قانونی نوٹس کا جواب دیں گے۔ اس سے قبل سالک حسین نے ایکس پر نوٹس موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جلد جواب دیں گے اور شفافیت بند کمروں میں ممکن نہیں ہوتی۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سالک نے کہا کہ وہ عدالت میں قانونی نوٹس کا جامع جواب جمع کرائیں گے اور پنجاب میں کرپشن سے متعلق اپنے الزامات پر قائم ہیں۔ انہوں نے گجرات کے ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی سے متعلق دعوؤں کو من گھڑت قرار دیا اور کہا کہ کرپشن سے متعلق ان کے بیانات ذاتی رائے تھے۔
انہوں نے مسلم لیگ (ق) کے مسلم لیگ (ن) کی حکومت سے علیحدگی کے امکان کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال ان کی توجہ قانونی نوٹس کا جواب دینے پر ہے۔



