entertanmentlatest news

نورا فتحی 200 کروڑ روپے بھتہ خوری کیس میں عدالت میں پیش، ورک ویزے پر بھارت میں مقیم ہونے کا بیان

بالی ووڈ اداکارہ اور مراکشی نژاد کینیڈین فنکارہ نورا فتحی 200 کروڑ روپے کے بھتہ خوری کیس میں بطور گواہ دہلی کی روز ایونیو عدالت میں پیش ہوئیں، جہاں انہوں نے بتایا کہ وہ ورک ویزے پر بھارت میں مقیم ہیں۔

جمعے کے روز ایڈیشنل سیشن جج گگن دیپ سنگھ کی عدالت میں بیان دیتے ہوئے نورا فتحی نے بتایا کہ وہ بھارتی میوزک کمپنی ٹی سیریز کے ساتھ کام کرنے کے لیے ورک ویزے پر بھارت میں رہ رہی ہیں۔ انہوں نے اپنے دورہ چنئی اور مرکزی ملزم سوکیش چندرشیکھر کی اہلیہ لینا پالوز سے ملاقات کی تفصیلات بھی بیان کیں۔

اس سے قبل عدالت نے پیشی سے استثنیٰ کی درخواست پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بطور گواہ انہیں عدالت میں حاضر ہونا چاہیے تھا اور عدالتی کارروائی کو معمولی نہیں سمجھنا چاہیے۔

واضح رہے کہ سوکیش چندرشیکھر پر الزام ہے کہ اس نے خود کو مرکزی حکومتی اہلکار ظاہر کرکے فورٹس ہیلتھ کیئر کے پروموٹر شیویندر موہن سنگھ کی اہلیہ ادیتی سنگھ سے ان کے شوہر کی ضمانت کرانے کے نام پر 200 کروڑ روپے وصول کیے تھے۔ دہلی پولیس کے اکنامک آفینسز ونگ نے اس کیس میں چارج شیٹ بھی داخل کر رکھی ہے۔

پولیس تحقیقات کے مطابق سوکیش چندرشیکھر نے نورا فتحی اور جیکولین فرنینڈس سمیت متعدد بالی ووڈ اداکاراؤں کو مہنگے تحائف دیے تھے۔ نورا فتحی نے 2022 میں ایک لگژری بی ایم ڈبلیو گاڑی کے حوالے سے بتایا تھا کہ سوکیش نے انہیں گاڑی دینے کی پیشکش کی تھی، تاہم انہوں نے اسے قبول نہیں کیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button