latest newsPolitics

وزیراعظم نہیں چاہتے مولانا فضل الرحمان سیاسی طور پر ہمارے خلاف کھڑے ہوں: رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی قدر اور عزت کرتے ہیں اور نہیں چاہتے کہ وہ سیاسی طور پر حکومت کے خلاف کھڑے ہوں۔

جیو نیوز کے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملک میں ایک غیر یقینی اور پراسرار ماحول بنا ہوا ہے، جہاں مختلف معاملات سے متعلق افواہیں اور قیاس آرائیاں گردش کرتی رہتی ہیں۔ لوگ مختلف دعوے کرتے ہیں لیکن اکثر ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض حلقوں میں گروپ بندی اور تبدیلیوں سے متعلق باتیں زیادہ تر افواہ سازی پر مبنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیصل واوڈا سمیت بعض شخصیات مختلف دعوے کرتی ہیں، تاہم ان کے پاس بھی اکثر کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہوتا۔ وزیراعظم ان معاملات میں الجھنے کے بجائے خاموش رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کے خلاف کارروائی سے متعلق سوال پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومتی ادارے اپنے دائرہ اختیار کے مطابق کارروائی کر رہے ہیں۔ بعض اوقات تجاوزات کو نظرانداز کیا جاتا ہے، تاہم ایک مرتبہ نوٹس لے لیا جائے تو متعلقہ ادارہ قانون کے مطابق کام کرتا ہے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے گھر کے باہر موجود گارڈ کیبن کا بھی ذکر کیا۔

خیبرپختونخوا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم نے کہا کہ صوبے میں اولین ترجیح دہشت گردی کا خاتمہ ہونی چاہیے۔ سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کا تقاضا ہے کہ تمام توجہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پر مرکوز رکھی جائے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لینا چاہیے اور کوشش ہونی چاہیے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت کے ساتھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ مولانا خود بھی دہشت گردوں کے حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں اور انہیں بھتے کی پرچیاں بھی موصول ہو رہی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف کارروائی کے حوالے سے کوئی باضابطہ اجلاس نہیں ہوا۔ وزیراعظم نے نہ کسی کو کارروائی کرنے کا کہا ہے اور نہ روکا ہے۔ حالیہ دنوں میں وزیراعظم اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقاتیں بھی ہوئی ہیں۔ وزیراعظم ان کی عزت کرتے ہیں اور نہیں چاہتے کہ وہ سیاسی طور پر حکومت کے مخالف بنیں۔ وزرا کے بیانات کے حوالے سے بھی وزیراعظم نے نہ انہیں ایسا کرنے سے منع کیا ہے اور نہ ہی اس کی ہدایت دی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button