Businesslatest news

پیٹرول 7 روپے 6 پیسے اور ڈیزل 3 روپے 71 پیسے فی لیٹر سستا

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے 5 نومبر کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے 6 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 71 پیسے فی لیٹر کمی کردی۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 362 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 387 روپے 81 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔

اس سے ایک روز قبل بھی حکومت نے 4 نومبر کے لیے پیٹرول 5 روپے 45 پیسے اور ڈیزل 3 روپے 68 پیسے فی لیٹر سستا کیا تھا۔

حکومت نے پیر کو اعلان کیا تھا کہ عالمی منڈی کے مقابلے میں پیٹرول 15 روپے فی لیٹر سستا فروخت کرنے کے لیے آئل ریفائنریز ماہانہ 15 ارب روپے کا مالی بوجھ برداشت کریں گی۔ یہ اقدام ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی جنگ کے باعث عالمی تیل منڈی میں پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے 17 جولائی کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا نیا طریقہ کار متعارف کرایا تھا، جس کے تحت ہفتہ وار کے بجائے روزانہ بنیادوں پر قیمتوں کا جائزہ لے کر نوٹیفکیشن جاری کیا جاتا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے 13 ستمبر کو موٹر سائیکلوں، تین پہیوں والے رکشوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر خصوصی ریلیف اسکیم کا اعلان کیا تھا۔ اس اسکیم سے تقریباً ایک کروڑ 18 لاکھ افراد مستفید ہونے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔

حکومت نے 17 ستمبر کو کفایت شعاری اور ایندھن کی بچت کے اقدامات بھی دوبارہ نافذ کیے تھے، جن کے تحت دکانوں، مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کو رات 9 بجے، شادی ہالز اور مارکیز کو رات 10 بجے جبکہ ریسٹورنٹس اور کھانے پینے کے مراکز کو رات 11 بجے بند کرنے کی پابندی عائد کی گئی تھی۔ ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز کو ان پابندیوں سے مستثنیٰ رکھا گیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button