latest newsPolitics

اپوزیشن کا ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان، اے پی سی کی تیاری کے لیے کمیٹیاں قائم

اسلام آباد: متحدہ اپوزیشن نے ملک کی سیاسی صورتحال پر آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے اور سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات دور کرنے کے لیے کمیٹیاں قائم کرتے ہوئے مبینہ غیر جمہوری حکومت کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کردیا ہے۔

اس حوالے سے اپوزیشن رہنماؤں کا اجلاس جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر ہوا، جس میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ، صوبائی حقوق اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف کردار کشی کی مہم کی بھی مذمت کی گئی۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وائس چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس نے بتایا کہ آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی ہے، جس میں سلمان اکرم راجہ، کامران مرتضیٰ، مصطفیٰ نواز کھوکھر، عامر ڈوگر، ناصر شیرازی اور محمد اسلم غوری شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات اور تحفظات دور کرنے اور مستقبل میں مشترکہ حکمت عملی بنانے کے لیے الگ ذیلی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے، جس کے کوآرڈینیٹرز صلاح الدین ایوبی، اخونزادہ حسین اور خالد یوسف ہوں گے۔ ان کے مطابق اے پی سی آئندہ ایک ہفتے سے 10 روز کے اندر منعقد کی جائے گی، جبکہ کمیٹی سیاسی جماعتوں سے مشاورت، ایجنڈے کی تیاری اور تاریخ کے اعلان کی ذمہ دار ہوگی۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ اجلاس کا مقصد مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف حکومتی رویے کی مذمت اور ان سے اظہار یکجہتی کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اس طرزِ عمل کو قبول نہیں کرے گی اور حکومت کے مبینہ غیر جمہوری اقدامات کے خلاف ملک بھر میں تحریک چلائی جائے گی۔

محمود خان اچکزئی نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کو صوبے کے چار کروڑ عوام کے مینڈیٹ کی توہین قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے جو مزید کشیدگی کا باعث بن سکتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن نے اجلاس میں شرکت کرنے والے اپوزیشن رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت ہوئی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ اے پی سی کے انعقاد اور جماعتوں کے باہمی تحفظات دور کرنے کے لیے کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ اپوزیشن مسلسل گورنر راج، ایمرجنسی کے نفاذ اور معدنی وسائل پر کنٹرول حاصل کرنے کی کوششوں پر تحفظات کا اظہار کرتی رہی ہے۔ ان کے مطابق صوبائی حقوق اور وسائل مختلف حیلوں سے محدود کیے جا رہے ہیں، جبکہ اٹھارہویں آئینی ترمیم کے تحت صوبوں اور عوام کو حاصل حقوق بھی خطرے میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں، خصوصاً گوادر، کو وفاق کے کنٹرول میں لانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، جبکہ سندھ کے جزائر کو بھی وفاق کے ماتحت کرنے سے متعلق باتیں سامنے آ رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے صوبائی خودمختاری متاثر ہوگی۔

سربراہ جے یو آئی (ف) نے سابق فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت نے اس وقت بھی تحفظات کا اظہار کیا تھا کیونکہ ان کے بقول صوبہ اس علاقے کو اپنے اندر ضم کرنے کے لیے تیار نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے فیصلوں کے محرکات سیاسی تھے، جبکہ موجودہ پیش رفت کے پیچھے وسائل پر کنٹرول حاصل کرنے کا معاملہ دکھائی دیتا ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے الزام عائد کیا کہ حکومت قومی مسائل کا جواب دینے کے بجائے شخصیات کو نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر جنریٹر کی تنصیب، کیبن کی تعمیر اور باورچی خانے کے مقام جیسے معاملات کو عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانے کی کوشش قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت ملکی وسائل اور صوبائی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور نہ کسی عالمی ادارے کو ملک کے اثاثے لوٹنے دے گی اور نہ ہی ملکی اداروں کو عوام کے حقوق سلب کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

مولانا فضل الرحمٰن نے انتخابی دھاندلی اور حکومتیں بننے کے بعد وسائل کی مبینہ لوٹ مار کو جمہوریت، آئین اور شریعت کے منافی قرار دیا۔ ان کے مطابق وفاقی حکومت کو بنیادی طور پر قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ اور معدنی وسائل کے معاملات پر تحفظات ہیں۔

نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومتوں کو مالی اختیارات دینے سے صوبائی اداروں اور صوبائی حکومت کے درمیان اختیارات کی کشمکش پیدا ہوسکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے نظام کو آئین اور قانون کے مطابق توازن کے ساتھ چلانے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے الزام عائد کیا کہ ملک میں غیر آئینی اقدامات، لاقانونیت اور جبر میں اضافہ ہو رہا ہے اور لوگوں کے گھروں کے تقدس کو پامال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات، آئین اور عدلیہ کی آزادی کو نقصان پہنچانے کے بعد اب خیبرپختونخوا کے عوام کے مینڈیٹ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ سے عوام کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ ان کے ووٹ اور مینڈیٹ کی کوئی اہمیت نہیں۔ راجہ ناصر عباس نے مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف کردار کشی کی مہم کو بھی قابل مذمت قرار دیا۔

اجلاس میں پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی، مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ، عامر ڈوگر، سینیٹر کامران مرتضیٰ، سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اکرم خان درانی، حافظ حمداللہ، مولانا عطاء الرحمٰن، مولانا عطاء الحق درویش اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ 11 اکتوبر کو خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں صوبائی حکومت کے انتظامی اختیارات گورنر کو منتقل ہوگئے تھے۔ گورنر کی معاونت کے لیے 11 رکنی مشاورتی کونسل بھی قائم کی گئی تھی۔ وفاقی حکومت نے 12 اضلاع کے لیے الگ انتظامی ڈھانچہ بھی تشکیل دیا تھا۔

گورنر راج کے نفاذ کے بعد مولانا فضل الرحمٰن نے حکومت پر پی ٹی آئی اور اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات سے پیچھے ہٹنے کا الزام لگایا تھا۔ بعد ازاں قومی اسمبلی میں حکومت اور جے یو آئی (ف) کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی مولانا فضل الرحمٰن کے مؤقف پر تنقید کی تھی۔ اس کے بعد پی ٹی آئی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وفد نے مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کرکے قومی اسمبلی میں ان کی تقریر کی حمایت اور ان کے خلاف کردار کشی کی مذمت کی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button