عمران خان کا بلڈ پریشر 192 تک پہنچ گیا، فوری شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد: تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پارٹی بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کا بلڈ پریشر 192 تک پہنچنے کا دعویٰ کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ انہیں فوری طور پر شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرکے ذاتی معالجین کی نگرانی میں آزادانہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
پی ٹی آئی کا یہ مطالبہ 2 نومبر کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ان کے وکیل کی ملاقات کے دو روز بعد سامنے آیا ہے۔ ملاقات کے دوران سابق وزیراعظم نے مبینہ طور پر اپنی صحت سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو اہل خانہ، وکلا اور دیگر متعلقہ افراد سے ہفتے میں دو مرتبہ، منگل اور جمعرات کو ملاقات کی اجازت دے رکھی ہے، تاہم پارٹی کے مطابق عدالتی احکامات کے باوجود حالیہ مہینوں میں اہل خانہ اور پارٹی رہنماؤں کی ان تک رسائی محدود رہی ہے۔
ملاقات کے بعد عمران خان کی بہن روبینہ خان نے بتایا کہ ان کے بھائی نے وکیل کے ذریعے آگاہ کیا کہ ان کا بلڈ پریشر 192 تک پہنچ گیا ہے۔ ان کے بقول عمران خان نے حکام پر مناسب طبی علاج فراہم نہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔
روبینہ خان نے کہا کہ عمران خان کو ماضی میں کبھی ہائی بلڈ پریشر کی شکایت نہیں رہی اور ایک سال قبل بھی ان کا بلڈ پریشر معمول کے مطابق تھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو فوری طور پر اسلام آباد کے کسی آزاد طبی ادارے میں داخل کیا جائے، جہاں ان کے ذاتی معالج اور خاندان کی جانب سے نامزد ڈاکٹر کی موجودگی میں علاج کیا جائے۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ برائے من مانی حراست، اقوام متحدہ کے ماہرین، کمیٹی برائے انسداد تشدد اور ایمنسٹی انٹرنیشنل کے عمران خان کی حراست اور سلوک سے متعلق بیانات کا بھی حوالہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے اگست 2026 کے فیصلے میں عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرکے فوری علاج فراہم کرنے کی ہدایت پر عمل نہیں کیا گیا۔
روبینہ خان نے اپنے بھائی کی جان کو لاحق خطرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ان پر قاتلانہ حملے سمیت کئی کوششیں ہوچکی ہیں اور خاندان کو جیل میں ان کی سلامتی کے حوالے سے خدشات ہیں۔
عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان نے بھی اپنی پھوپھی کا بیان ایکس پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ بلڈ پریشر میں یہ اضافہ معمول کی بات نہیں بلکہ تنہائی کا براہ راست نتیجہ ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر عمران خان کو جلد رہا نہ کیا گیا تو وہ جیل میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے عمران خان کی صحت کی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے مؤثر حکمت عملی اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق اس مقصد کے لیے خاندان، پارٹی کی مجاز قیادت اور پارلیمانی پارٹی سے مشاورت کے بعد ملک کے اندر اور بیرون ملک بھرپور آواز اٹھائی جائے گی۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران خان کے بلڈ پریشر میں مسلسل اتار چڑھاؤ انتہائی تشویش کا باعث ہے اور ان کی صحت کا تحفظ ریاست اور پوری قوم کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ مناسب طبی سہولیات، اہل خانہ تک رسائی اور مرضی کے علاج سے محروم رکھ کر عمران خان کی زندگی اور بنیادی حقوق کو خطرے میں ڈالا جا رہا ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر فوری عمل درآمد کرتے ہوئے عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے اور ان کے ذاتی و خاندان کے نامزد ڈاکٹروں سے علاج کرانے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے عمران خان، بشریٰ بی بی اور کوٹ لکھپت جیل سمیت ملک کی مختلف جیلوں میں قید تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی انتقامی کارروائیاں اور جبر بند ہونا چاہیے اور ملک میں امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے قومی مفاہمت کا راستہ اختیار کیا جائے۔



