Businesslatest news

نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن منظور، 10 روپے کا نوٹ ختم کرکے سکہ جاری کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے پاکستان میں کرنسی نوٹوں کے نئے اور جدید ڈیزائنز کی منظوری دے دی ہے، جبکہ 10 روپے کے کاغذی نوٹ کی جگہ نیا سکہ متعارف کروانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نئے کرنسی نوٹوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس کے بعد وزیراعظم اور کابینہ ارکان نے نئے ڈیزائنز اور متعلقہ سفارشات کی منظوری دی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ نئے نوٹوں کے ڈیزائن تیار کرنے کے لیے ملک بھر کے مصوروں اور ڈیزائنرز سے تجاویز طلب کی گئی تھیں۔ بعد ازاں وزیراعظم کی قائم کردہ خصوصی کابینہ کمیٹی نے متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے بعد ڈیزائنز کو حتمی شکل دی۔

حکام کے مطابق جعلی کرنسی کی روک تھام اور نوٹوں کی سکیورٹی بہتر بنانے کے لیے ان میں عالمی معیار کے جدید حفاظتی فیچرز شامل کیے جا رہے ہیں۔ نئے نوٹوں کے اگلے حصے پر بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی تصویر برقرار رکھی جائے گی، جبکہ پچھلے حصے پر ملک کے ثقافتی ورثے، تاریخی عمارتوں، قومی علامات اور قدرتی مناظر کی عکاسی ہوگی۔

نئے نوٹوں کی ہر مالیت کے رنگ اور جسامت میں بھی تبدیلی کی جائے گی تاکہ عوام کے لیے ان کی شناخت آسان ہو۔ بڑے مالیت کے نوٹوں میں زاویہ تبدیل کرنے پر رنگ بدلنے والی سیاہی، ہولوگرافک سکیورٹی دھاگے اور واٹر مارکس شامل ہوں گے، جبکہ نابینا افراد کی سہولت کے لیے ابھری ہوئی چھپائی (انٹیگلیو پرنٹنگ) بھی متعارف کروائی جائے گی۔

سٹیٹ بینک کے مطابق نئے نوٹوں کی پائیداری بڑھانے کے لیے اعلیٰ معیار کے کاٹن پیپر اور حفاظتی کوٹنگ استعمال کی جائے گی تاکہ وہ جلد خراب نہ ہوں۔

منصوبے کے تحت 10 روپے کے کاغذی نوٹ کی جگہ 10 روپے کا سکہ جاری کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد چھوٹی مالیت کی کرنسی کو زیادہ پائیدار بنانا اور بار بار نوٹ چھاپنے پر آنے والے اخراجات کم کرنا ہے۔

نئے نوٹوں کی چھپائی اور انہیں مرحلہ وار مارکیٹ میں متعارف کروانے کے لیے سٹیٹ بینک نے عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ موجودہ نوٹ مقررہ مدت تک قانونی طور پر قابل قبول رہیں گے اور انہیں فوری تبدیل کروانے کی ضرورت نہیں ہوگی، جبکہ 10 روپے کے پرانے کاغذی نوٹ بھی نئے سکوں کی آمد کے ساتھ بتدریج گردش سے نکالے جائیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button