انڈر 19 ایشیا کپ کل سے عمان میں شروع، پاکستان کل یو اے ای سے پہلا میچ کھیلے گا

آٹھ ٹیموں پر مشتمل 50 اوورز کے اس ٹورنامنٹ کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں پاکستان، یو اے ای، بھارت اور نیپال جبکہ گروپ بی میں افغانستان، بنگلہ دیش، سری لنکا اور ملائیشیا شامل ہیں۔
ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی، جو 12 نومبر کو کھیلے جائیں گے، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 14 نومبر کو ہوگا۔
پاکستانی ٹیم کی قیادت فرحان یوسف کریں گے، جنہوں نے گزشتہ ایڈیشن میں بھی ٹیم کی کپتانی کی تھی۔ پاکستان نے گزشتہ سال فائنل میں بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
پاکستان اپنا دوسرا گروپ میچ 8 نومبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گا، جبکہ آخری گروپ میچ 10 نومبر کو نیپال سے ہوگا۔
پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے قومی انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ٹیم کی تیاریاں بہترین انداز میں جاری ہیں۔ ٹورنامنٹ سے قبل کھلاڑیوں کو عمان بھیجنے کا پی سی بی کا فیصلہ انتہائی مفید ثابت ہوا، جس سے انہیں موسم، پچز اور کھیل کے حالات کا جائزہ لینے کا موقع ملا۔
انہوں نے کہا کہ دفاعی چیمپئن ہونے کے ناتے ٹیم اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے اور گزشتہ سال کی کامیابی کو برقرار رکھنے کے لیے بھرپور عزم، محنت اور جیت کے جذبے کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ اسکواڈ کا مورال بلند ہے اور نئے کھلاڑیوں کی شمولیت سے ٹیم مزید مضبوط ہوئی ہے۔
پاکستان کا 15 رکنی اسکواڈ
فرحان یوسف (کپتان)، عبدالقادر (وکٹ کیپر)، عبدالصبحان، احمد حسین، علی رضا، حمزہ ظہور (وکٹ کیپر)، حسنین عباس ڈار، ہیام خان، حذیفہ احسن، جہانگیر بلال، محمد حذیفہ، محمد سیام، نقاب شفیق، رضوان اللہ اور عثمان خان۔
پاکستان کے میچز کا شیڈول
-
6 نومبر: پاکستان بمقابلہ یو اے ای، او سی اے گراؤنڈ 2
-
8 نومبر: پاکستان بمقابلہ بھارت، او سی اے گراؤنڈ 1
-
10 نومبر: پاکستان بمقابلہ نیپال، او سی اے گراؤنڈ 1
-
12 نومبر: سیمی فائنلز
-
14 نومبر: فائنل
ٹیم آفیشلز: شاہد انور (ہیڈ کوچ و ٹیم منیجر)، راؤ افتخار انجم (فاسٹ بولنگ کوچ)، زوہیب خان (اسپن بولنگ کوچ)، ہمایوں فرحت (فیلڈنگ کوچ)، عبید اللہ (فزیوتھراپسٹ)، ابرار احمد (ٹرینر) اور علی حمزہ (پرفارمنس اینالسٹ)۔



