امریکا ایران کی 7 شرائط ماننے پر آمادہ ہے، محسن رضائی کا دعویٰ

ایرانی سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے محسن رضائی نے کہا کہ پاکستان اور قطر ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی کوششوں کی قیادت کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ایران کی جانب سے پیش کی گئی سات شرائط تسلیم ہونے کی صورت میں سفارت کاری کا راستہ کھلا رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ تہران میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے حکام کے ساتھ چار فریقی اجلاس ہوا، جس میں خطے کی سلامتی سے متعلق انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو خطے میں سلامتی کے ہر انتظام کا حصہ ہونا چاہیے۔
محسن رضائی نے واضح کیا کہ اجلاس میں مکہ دفاعی معاہدے یا یمن کے تنازع پر کوئی گفتگو نہیں ہوئی، بلکہ بات چیت کا محور علاقائی سلامتی کے معاملات تھے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ایران پر کسی بھی قسم کا حملہ کیا گیا تو اس کا جواب نئے ہتھیاروں کے ذریعے دیا جائے گا اور جارح کو تباہ کن نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
محسن رضائی کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران کی سات شرائط تسلیم کیے جانے پر مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے معاملات آگے بڑھائے جا سکتے ہیں، تاہم یہ شرائط اسلام آباد میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت سے الگ ہیں۔
دوسری جانب ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے قطری نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کو انٹرویو میں کہا تھا کہ ایران نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے خط کا اعلیٰ سطح پر بغور جائزہ لیا ہے، تاہم براہ راست یا بالواسطہ مذاکرات کا فیصلہ واشنگٹن کی جانب سے ایرانی شرائط تسلیم کیے جانے کے بعد ہی ہوگا۔
عباس عراقچی نے واضح کیا تھا کہ فی الحال امریکی حکام سے ملاقات کا کوئی منصوبہ نہیں اور اس حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات محض قیاس آرائیاں ہیں۔



