latest newsWorld

جی 20 اجلاس، یورپی سفارت کاروں کا لاوروف کے ساتھ گروپ فوٹو سے انکار

جی 20 ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں یورپی سفارت کاروں نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے ساتھ سرکاری گروپ فوٹو بنوانے سے انکار کر دیا، جس کے بعد امریکی میزبانوں نے طے شدہ فوٹو سیشن منسوخ کر دیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق دو حکام نے جمعے کو ہونے والی اس منسوخی کی تصدیق کی۔ جی 20 اجلاس کے موقع پر روایتی طور پر تمام شریک ممالک کے نمائندوں کی اجتماعی تصویر بنائی جاتی ہے۔

اجلاس کے دوران برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ اس جنگ میں جارح کون ہے۔ انہوں نے روسی حکومت پر یوکرین میں بے گناہ شہریوں کو ہلاک کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی میزبانی میں اٹلانٹا میں ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ملی بینڈ نے کہا کہ رکن ممالک کو یوکرین میں منصفانہ اور پائیدار امن کے حصول کے لیے مزید کوششیں کرنا ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ روس کی جنگ عالمی سطح پر بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا رہی ہے، ہزاروں بے گناہ شہری ہلاک ہو رہے ہیں، توانائی اور رسد کا نظام متاثر ہو رہا ہے جبکہ غذائی عدم تحفظ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جنگ صرف یورپ یا نیٹو کے لیے امتحان نہیں بلکہ تمام ممالک کو اقتصادی اور سفارتی دباؤ کے ذریعے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی آمدن کے ذرائع محدود کرنے ہوں گے۔

بی بی سی کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ جب یہ واضح ہو گیا کہ بعض وفود مشترکہ تصویر میں شرکت کے لیے تیار نہیں تو فوٹو سیشن منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان کے مطابق امریکا نے ایک رسمی تقریب کو سفارتی تنازع کا سبب بننے سے روکنے اور اجلاس کی توجہ اہم مذاکرات پر مرکوز رکھنے کے لیے تصویر نہ بنوانے کا فیصلہ کیا۔

ایک برطانوی عہدیدار نے کہا کہ یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے برطانیہ کی پالیسی روسی وزرا کے ساتھ براہ راست دوطرفہ رابطے نہ رکھنے کی ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی۔

یوکرین جی 20 کا رکن نہیں، تاہم گزشتہ برسوں میں اسے ایسے اجلاسوں میں مدعو کیا جاتا رہا ہے، لیکن اس مرتبہ یوکرین کو دعوت نہیں دی گئی۔

دوسری جانب حالیہ ہفتوں میں امریکا اور روس کے تعلقات میں کسی حد تک بہتری دکھائی دی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس پر عائد بعض پابندیاں معطل کرنے اور امریکی مارکیٹ کے لیے روسی ڈیزل درآمد کرنے کے معاہدے پر اتفاق کیا ہے۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد روس کو مذاکرات کی میز پر برقرار رکھنا ہے۔

اس فیصلے پر یوکرین اور اس کے یورپی اتحادیوں نے سخت تنقید کی ہے۔ یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے اسے پیوٹن کے لیے تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایسی جنگ میں سرمایہ کاری کے مترادف ہے جسے ختم ہونا چاہیے، نہ کہ طول پکڑنا چاہیے۔

ادھر امریکی محکمہ خارجہ نے رواں ہفتے یوکرین کو 2 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے پیٹریاٹ میزائلوں کی فروخت کی منظوری بھی دی ہے، جو روسی حملوں سے یوکرین کے فضائی دفاع کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

روس نے 2022 میں یوکرین پر مکمل حملے کا آغاز کیا تھا اور اس وقت یوکرین کے تقریباً پانچویں حصے پر اس کا کنٹرول ہے۔ حالیہ ہفتوں میں روس نے کیف اور یوکرین کے دیگر شہروں پر میزائل اور ڈرون حملوں میں بھی شدت پیدا کر دی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button