eventslatest news

ڈسکہ بھگدڑ کیس، ٹک ٹاکر انصر محمود کی 10 نومبر تک حفاظتی ضمانت منظور

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈسکہ میں ٹک ٹاکر کی مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ سے دو افراد کی ہلاکت اور 17 کے زخمی ہونے کے مقدمے میں نامزد ٹک ٹاکر انصر محمود المعروف ’مسٹر پٹلو‘ کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔

چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے انصر محمود کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار وہیل چیئر پر اپنے وکیل بیرسٹر قاسم نواز عباسی کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے ٹک ٹاکر کو 10 نومبر تک متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ سیالکوٹ کے تھانہ موترہ میں انصر محمود کے خلاف قتل خطا، غیر قانونی اجتماع اور ہنگامہ آرائی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ درخواست گزار نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ متعلقہ عدالت سے قبل از گرفتاری ضمانت حاصل کرنے کے لیے حفاظتی ضمانت دینے کا اختیار رکھتی ہے اور اس مرحلے پر مقدمے کے میرٹ کا جائزہ لینا ضروری نہیں۔

واضح رہے کہ اتوار کو ڈسکہ کے فراز گراؤنڈ میں ٹک ٹاکر انصر محمود کی مہندی کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے دو افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہو گئے تھے۔ انصر محمود نے تقریب میں لوگوں کی شرکت بڑھانے اور تشہیر کے لیے گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور نقد انعامات کی قرعہ اندازی کا اعلان کر رکھا تھا۔

تقریب کے داخلی دروازے پر رش بڑھنے سے بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زمین پر گر گئے اور ہجوم کے پاؤں تلے کچلے گئے۔ واقعے میں بدھا گورایا کا رہائشی عقیل موقع پر جاں بحق ہو گیا، جبکہ ابتدائی طور پر 18 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

زخمیوں میں گلوٹیاں کلاں کا رہائشی ریحان بھی شامل تھا، جس کی حالت تشویشناک ہونے پر اسے لاہور کے میو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ بھی جانبر نہ ہو سکا۔ اس طرح واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد دو ہو گئی جبکہ 17 افراد زخمی ہوئے۔

پولیس نے تھانہ موترہ میں اپنی مدعیت میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 322، 431، 440، 188، 109، 148 اور 149 سمیت مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس کی دفعہ 16 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

مقدمے میں انصر محمود، کاشف، گراؤنڈ کے مالک حاجی شاہد جاوید اور دیگر منتظمین دانیال، منیر احمد، محسن علی، ارشاد علی، عبداللہ اور زوہیب مانشا سمیت 9 افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ 40 سے 45 نامعلوم سکیورٹی گارڈز کو بھی مقدمے میں شامل کیا گیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button