latest newsPakistan

پی آئی ایم ایس آتشزدگی میں بچوں کی ہلاکتیں، اسلام آباد ہائیکورٹ کے وفاقی حکومت کو نوٹس

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں آتشزدگی کے واقعے میں نومولود بچوں کی ہلاکتوں پر مقدمہ درج کرنے اور متاثرہ خاندانوں کو معاوضہ دینے کی درخواست پر وفاقی حکومت اور دیگر متعلقہ اداروں کو نوٹس جاری کر دیے۔

جسٹس خادم حسین سومرو نے وکیل ریاض حنیف راہی کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے وزیراعظم آفس، وزارت صحت، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی، آڈیٹر جنرل، چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر، سی ڈی اے، کیپیٹل ایمرجنسی سروسز، پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، آئی جی اسلام آباد پولیس اور ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کیے۔

درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ 26 اگست کو پمز کے مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کے وارڈ میں آگ لگنے سے 14 نومولود بچے جاں بحق ہوئے تھے، جبکہ ایک اور بچہ 17 ستمبر کو دوران علاج دم توڑ گیا۔ ان ہلاکتوں کے حوالے سے اب تک مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا واقعے کی تحقیقات کی گئی ہیں؟ اس پر درخواست گزار نے بتایا کہ انکوائری رپورٹ میں غفلت کی نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے استدعا کی کہ متعلقہ حکام کو فوری طور پر مقدمہ درج کرنے اور اسی روز عدالتی کارروائی کے اختتام تک اس کی نقل پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔

درخواست گزار کے مطابق جسٹس آف پیس نے مقدمہ درج کرنے کی درخواست یہ کہہ کر مسترد کر دی تھی کہ اس واقعے سے متعلق درخواستیں پہلے ہی ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہیں۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس اسٹیشن میں مقدمے کے اندراج کے لیے ان کے علاوہ کسی دوسرے شخص نے درخواست نہیں دی، اس لیے مقدمہ درج ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب فوجداری مقدمہ ہی درج نہیں کیا گیا تو شواہد جمع کرنے کا کیا مقصد ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ واقعے سے متعلق تمام رپورٹس اور شواہد طلب کیے جائیں گے اور اگر غفلت ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا حکم دیا جائے گا۔ عدالت نے جسٹس آف پیس کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست مسترد کرنے کا حکم بھی معطل کر دیا اور مزید سماعت 12 نومبر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم کی قائم کردہ انکوائری کمیٹی نے 29 اگست کو اپنی عبوری رپورٹ پیش کی تھی، جس کے بعد پمز اور متعلقہ بیرونی اداروں کے آٹھ اعلیٰ افسران کو معطل کرکے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کی گئی تھی۔ کمیٹی نے آگ سے ایک نومولود کو بچانے والی نرس رضیہ کے لیے مالی اور اعزازی انعام کی سفارش بھی کی تھی، جبکہ چارج نرس اور سکیورٹی گارڈ کو ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا تھا۔

15 ستمبر کو پیش کی گئی انکوائری رپورٹ میں واقعے کو نظامی اور ادارہ جاتی ناکامیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے بنیادی ذمہ داری پمز اور اس کی اعلیٰ انتظامیہ پر عائد کی گئی تھی۔ 52 نکاتی تحقیقات میں بتایا گیا کہ حفاظتی اقدامات یا تو موجود نہیں تھے، ناکافی تھے یا بروقت فعال نہیں کیے گئے، جبکہ بعض اقدامات کی آزادانہ طور پر تصدیق بھی نہیں کی گئی تھی۔

کمیٹی نے انفرادی سطح پر فوجداری ذمہ داری کا تعین متعلقہ قوانین اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر الگ سے کرنے کی سفارش کی تھی۔ رپورٹ میں پمز میں فوری طور پر فائر سیفٹی اقدامات، بجلی کے نظام کا جامع آڈٹ، مؤثر فائر ڈیٹیکشن، الارم اور آگ بجھانے کے نظام کی تنصیب، ہنگامی انخلا کے طریقہ کار اور نومولود بچوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے خصوصی ضابطہ کار بنانے پر بھی زور دیا گیا تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button