ٹرمپ کے طنزیہ بیان کا ناروے نے دلچسپ جواب دے دیا، خوبصورت پبلک ٹوائلیٹس کی تشہیر

ناروے کے سیاحتی ادارے ’وزٹ ناروے‘ نے یہ مہم ٹرمپ کے اس بیان کے بعد شروع کی جس میں انہوں نے ناروے کو توہین آمیز انداز میں ’شِٹ ہاؤس کنٹری‘ قرار دیا تھا۔ ٹرمپ نے امریکی وسط مدتی انتخابات سے چند روز قبل انتخابی جلسے میں یہ تبصرہ کیا۔ اس سے پہلے انہوں نے کہا تھا کہ وہ بعض ممالک کے شہریوں کو امریکا میں خوش آمدید کہیں گے، لیکن ناروے کے لوگوں کو نہیں، کیونکہ انہیں نوبیل امن انعام نہیں ملا۔

ناروے کے سیاحتی ادارے نے اس بیان کو نظر انداز کرنے کے بجائے اسے تشہیری مہم کا حصہ بنا لیا۔ ادارے نے اپنی ویب سائٹ پر ’’کیا یہ دنیا کے بہترین شِٹ ہاؤسز ہیں؟‘‘ کے عنوان سے مضمون شائع کیا، جس میں ملک کے ایسے پبلک ٹوائلیٹس کی تصاویر اور تفصیلات پیش کی گئی ہیں جو منفرد تعمیراتی ڈیزائن اور خوبصورت قدرتی ماحول کے باعث نمایاں ہیں۔
سیاحتی بورڈ نے سوشل میڈیا پر بھی مہم کی تشہیر کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ناروے کے بارے میں ہونے والی گفتگو سنی ہے اور اب وہ دنیا کو دکھانا چاہتا ہے کہ ملک میں خوبصورت اور منفرد ٹوائلیٹس بھی موجود ہیں۔ مہم میں دلچسپ جملوں اور تصاویر کے ذریعے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ ناروے میں ٹوائلیٹس بھی بہترین ڈیزائن اور قدرتی مناظر کا امتزاج پیش کرتے ہیں۔

مہم میں شامل نمایاں مقامات میں اسٹگاسٹائن کا ٹوائلٹ بھی شامل ہے، جو سوگنے فیورڈ کے علاقے میں ایک بلند مقام پر واقع ہے۔ سیاحتی ادارے کے مطابق ڈیزائن کی معروف ویب سائٹ ’ڈیزائن کیوریئل‘ نے اسے دنیا کے 10 بہترین پبلک ٹوائلیٹس میں شامل کیا ہے۔
اسی طرح ہیلی لینڈ کے ساحلی علاقے میں واقع یوریڈپلاسن کا لہروں جیسی ساخت والا ٹوائلٹ بھی مہم کا حصہ ہے۔ دیگر مقامات میں جزیرہ سینیا پر واقع سنہری رنگ کا ٹوائلٹ اور سوگنے فیورڈ میں شمسی توانائی سے چلنے والی سہولت بھی شامل ہے۔
ناروے کے سیاحتی بورڈ کا کہنا ہے کہ ملک میں مزید منفرد ٹوائلیٹس تعمیر کیے جا رہے ہیں، جنہیں مستقبل میں اس مہم میں شامل کیا جائے گا۔ ادارے کے مطابق عام طور پر نظر انداز کی جانے والی سہولت بھی بہترین ڈیزائن اور قدرتی ماحول کے امتزاج سے سیاحوں کی توجہ حاصل کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ ٹرمپ اس سے قبل ہیٹی، لیبیا، صومالیہ اور یمن کے لیے بھی اسی نوعیت کے توہین آمیز الفاظ استعمال کر چکے ہیں۔ ناروے کے بارے میں ان کے حالیہ بیان کا تعلق بظاہر انہیں نوبیل امن انعام نہ ملنے سے ہے، حالانکہ ناروے کی جانب سے متعدد بار واضح کیا جا چکا ہے کہ اس انعام کا فیصلہ حکومت نہیں بلکہ ایک آزاد نوبیل کمیٹی کرتی ہے۔
رواں ماہ نوبیل امن انعام جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والی انسانی حقوق کی سرگرم کارکن نوی پِلے کو دیا گیا تھا۔



