محمد عامر افغانستان پریمیئر لیگ کا حصہ بن گئے، قندھار واریئرز نے منتخب کر لیا

دبئی: پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر افغانستان پریمیئر لیگ (اے پی ایل) کا حصہ بن گئے، انہیں قندھار واریئرز نے پلاٹینم کیٹیگری میں پہلی پک کے طور پر منتخب کر لیا۔
افغانستان پریمیئر لیگ کے ڈرافٹ میں محمد عامر کو قندھار واریئرز نے اپنے اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ وہ برطانوی کھلاڑی کی حیثیت سے لیگ میں شرکت کریں گے۔
محمد عامر نے برطانوی شہریت کی بنیاد پر افغانستان پریمیئر لیگ کے لیے رجسٹریشن کرائی تھی۔
اے پی ایل کا ڈرافٹ دبئی میں جاری ہے، جس کے لیے پاکستان کے متعدد کھلاڑیوں نے بھی رجسٹریشن کرائی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستانی کھلاڑیوں کو افغانستان پریمیئر لیگ میں شرکت کے لیے این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تاہم برطانوی شہری ہونے کے باعث محمد عامر کو لیگ میں شرکت کے لیے پی سی بی کے این او سی کی ضرورت نہیں ہوگی۔



