health & Foodlatest news

وارن بفٹ 48 سال سے پانی نہیں پیتے، پسندیدہ مشروب کون سا ہے؟

دنیا کے معروف ارب پتی سرمایہ کار وارن بفٹ اپنی کاروباری کامیابیوں کے ساتھ منفرد عادات کی وجہ سے بھی خبروں میں رہتے ہیں۔ ان کی حیران کن عادت یہ ہے کہ وہ گزشتہ 48 برس سے سادہ پانی نہیں پیتے بلکہ پیاس بجھانے کے لیے ایک مخصوص سافٹ ڈرنک کو ترجیح دیتے ہیں۔

حال ہی میں ارب پتی سرمایہ کار بل ایک مین نے پوڈکاسٹ ’’ایکویٹی میٹس انویسٹنگ‘‘ میں وارن بفٹ کی اس عادت کا دلچسپ واقعہ بیان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک مرتبہ کھانے کی میز پر وارن بفٹ کو سادہ یا سلور واٹر میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے کی پیشکش کی گئی، تاہم انہوں نے دونوں سے انکار کرتے ہوئے سافٹ ڈرنک طلب کیا۔

بل ایک مین کے مطابق جب انہوں نے حیرت سے پوچھا کہ کیا وہ پانی بھی نہیں پیتے تو وارن بفٹ نے جواب دیا کہ وہ گزشتہ 48 سال سے پانی نہیں پی رہے۔

رپورٹ کے مطابق 96 سالہ وارن بفٹ کو کوکا کولا کی چیری کوک بے حد پسند ہے۔ ان کی اس پسندیدگی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ جب بل ایک مین نے انہیں اپنے گھر کھانے پر مدعو کیا تو خصوصی طور پر چیری کوک کا انتظام کیا۔

برطانوی مصنف گلین آرنلڈ نے اپنی کتاب ’’دی ڈیلز آف وارن بفٹ: دی میکنگ آف اے بلینیئر‘‘ میں بھی ان کی مشروبات سے متعلق عادات کا ذکر کیا ہے۔ کتاب کے مطابق وارن بفٹ روزانہ کوکا کولا کے تقریباً پانچ کین پیتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ وارن بفٹ ہمیشہ سے کوکا کولا کے شوقین نہیں تھے بلکہ وہ تقریباً 50 سال تک پیپسی پیتے رہے۔ یہی وجہ تھی کہ ان کے بیٹے ہاورڈ انہیں بچپن میں ’’پیپسی وارن‘‘ کہہ کر پکارتے تھے۔

وارن بفٹ کے بچپن کے دوست جم راس نے سی این بی سی کو بتایا تھا کہ وہ بچپن میں ہاورڈ کے ساتھ تاش کھیلتے تھے اور اس دوران وارن بفٹ رات گئے غسل کے لباس میں نیچے آتے اور پیپسی پیتے تھے۔

وارن بفٹ نے 1986 میں برکشائر ہیتھ وے کے سالانہ اجلاس کے دوران پیپسی سے اپنی کئی دہائیوں پرانی وابستگی ختم کرکے چیری کوک کو ترجیح دینے کا اعلان کیا۔ اس کے بعد یہ مشروب ان کی پہچان بن گیا۔

انہوں نے 2015 میں فارچیون میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا تھا کہ اگر وہ روزانہ 2700 کیلوریز حاصل کرتے ہیں تو ان میں سے تقریباً ایک چوتھائی کیلوریز کوکا کولا سے آتی ہیں۔ ان کے مطابق وہ روزانہ کم از کم 12 اونس کے پانچ گلاس کوکا کولا پیتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button