latest newsPolitics

مریم نواز کا چوہدری سالک حسین کو 5 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبائی حکومت پر کرپشن کے الزامات عائد کرنے پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو 5 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر قانونی نوٹس کی کاپی بھی شیئر کی گئی ہے۔ چوہدری سالک حسین کے علاوہ نجی ٹی وی چینل کے میزبان نعیم اشرف بٹ اور چینل کی انتظامیہ کو بھی نوٹس ارسال کیا گیا ہے۔

قانونی نوٹس کے مطابق چوہدری سالک حسین نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے پنجاب حکومت میں کرپشن کی کہانیوں اور کرپشن سے متعلق فائلوں کا ذکر کیا تھا، تاہم ان الزامات کے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کیے گئے۔

وزیراعلیٰ کے وکیل نے نوٹس میں الزامات کو بے بنیاد، غیر مصدقہ اور ہتک آمیز قرار دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ٹی وی میزبان نے بھی مبینہ طور پر غیر مصدقہ الزامات نشر کرکے بحث کو آگے بڑھایا۔ انٹرویو میں کسی مستند واقعے، تحقیقات یا دستاویزی شکایت کی نشاندہی نہیں کی گئی۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کرپشن کے بے بنیاد الزامات کے ذریعے وزیراعلیٰ مریم نواز اور پنجاب حکومت کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔

چوہدری سالک حسین کا ردعمل

دوسری جانب وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری سالک حسین نے پنجاب میں کرپشن سے متعلق اپنے مؤقف پر قائم رہنے کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کرپشن ہو رہی ہے اور وہ اپنے بیان پر قائم ہیں۔ اللہ تعالیٰ سب کو غرور اور تکبر سے محفوظ رکھے۔

صحافیوں کی جانب سے کرپشن کے الزامات کے ثبوت پیش کرنے سے متعلق سوال پر انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

چوہدری سالک حسین نے ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی کے معاملے پر کہا کہ اس حوالے سے کوئی معاملہ نہیں کیونکہ ڈپٹی کمشنر پہلے ہی تعینات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اختیار ملنے کے بعد انسان کو عاجزی اختیار کرنی چاہیے، انہوں نے سچائی کی بنیاد پر جواب دیا ہے اور ان معاملات کا تعلق صوبوں سے نہیں ہے۔

مریم نواز کا الزام پر سخت ردعمل

اس سے قبل اٹک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا تھا کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین پنجاب میں کرپشن کے کیسز سے الماریاں بھرنے کا دعویٰ کرتے ہیں، اس لیے وہ انہیں ہرجانے کا نوٹس بھجوائیں گی۔

مریم نواز نے کہا تھا کہ چوہدری سالک حسین وفاقی وزیر ہیں، انہیں الزامات لگانے کے بجائے ثبوت پیش کرنے چاہئیں۔ اگر ان کے پاس شواہد ہیں تو سامنے لائیں، وہ بے بنیاد الزامات برداشت نہیں کریں گی اور معاملہ عدالت میں لے کر جائیں گی۔

انہوں نے سوال اٹھایا تھا کہ اگر پنجاب حکومت اتنی کرپٹ ہے تو چوہدری سالک حسین اس حکومت میں وزیر کیوں ہیں؟ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ پنجاب میں افسران کی تعیناتیاں میرٹ پر کرتی ہیں اور چوہدری سالک حسین کو اپنی مرضی کا ڈپٹی کمشنر گجرات تعینات نہ ہونے پر تکلیف ہے۔

مریم نواز نے سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کے دور حکومت پر چوہدری سالک حسین کے تبصرے کا حوالہ دیتے ہوئے گجرات میں نکاسی آب کی صورتحال پر بھی تنقید کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ بارش کے دوران گجرات کے دورے پر ان کی گاڑی پانی میں ڈوب گئی تھی اور شہر میں نکاسی آب کا مناسب انتظام نہیں تھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button