پشاور میں تجاوزات کے خلاف آپریشن تیز، عملے کی چھٹیاں منسوخ

پشاور: ضلعی انتظامیہ نے تجاوزات کے خلاف آپریشن میں تیزی لانے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دیں اور ڈبل شفٹ میں کام شروع کر دیا۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق کمشنر پشاور ڈویژن کیپٹن (ر) خالد محمود کی زیرصدارت تجاوزات کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں رنگ روڈ پر آپریشن رواں ہفتے مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں تجاوزات کی زد میں آنے والے تین پولیس اسٹیشنز کی عمارتوں کے اضافی حصے مسمار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان میں تھانہ آغا میر جانی شاہ، تھانہ پشتخرہ اور تھانہ رحمان بابا شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گھڑی قمردین میں سرکاری گرلز اسکول بھی تجاوزات کی زد میں آگیا ہے، جبکہ اندرون شہر قائم ورکشاپس کو رنگ روڈ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران اب تک 410 کنال سرکاری اراضی واگزار اور 570 تجاوزات مسمار کی جا چکی ہیں۔ واگزار کرائی گئی اراضی کی مالیت کا تخمینہ تقریباً 29 ارب 50 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔



