یورپ میں 2 روز کے دوران 8 مسافر طیاروں کو بم کی جھوٹی دھمکیاں، فضائی آپریشن متاثر

یورپ میں دو روز کے دوران 8 مسافر طیاروں کو بم کی جھوٹی دھمکیاں موصول ہونے کے باعث فضائی آپریشنز میں شدید خلل پڑا، جبکہ متعدد ہوائی اڈوں پر ہنگامی اقدامات کرنا پڑے۔ واقعے سے ہزاروں مسافر پریشانی کا شکار ہوئے۔
تمام متاثرہ طیاروں کی تلاشی کے دوران کوئی بارودی مواد برآمد نہیں ہوا اور تمام پروازیں محفوظ رہیں۔
فلائٹ ڈیٹا کے مطابق پولینڈ کی LOT ایئرلائن کی وارسا سے لندن ہیتھرو جانے والی پرواز کو بم کی دھمکی کے بعد وارسا موڈلن ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ کوپن ہیگن سے وارسا آنے والی پرواز کو بھی ایسی ہی دھمکی موصول ہوئی۔
اسپین سے مانچسٹر پہنچنے والی ریان ایئر کی پرواز کو لینڈنگ کے فوراً بعد خالی کرا لیا گیا، جبکہ انسداد دہشت گردی کے اہلکاروں نے طیارے کو گھیرے میں لے کر تلاشی لی۔
بلغاریہ کے صوفیہ، اسرائیل کے تل ابیب اور اٹلی کے برگامو سے آنے والی پروازوں کو بھی ای میل کے ذریعے بم کی دھمکیاں موصول ہوئیں۔ صوفیہ ایئرپورٹ پر کمانڈوز نے طیاروں کی تفصیلی تلاشی لی، جبکہ لزبن اور ڈبلن سے روم آنے والی دو پروازوں کو دھمکیاں ملنے پر اطالوی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے اپنی نگرانی میں لینڈنگ کروائی۔
بم کی دھمکیوں کا یہ سلسلہ 2 نومبر کو اس وقت شروع ہوا تھا جب لندن سے صوفیہ جانے والی وز ایئر کی پرواز کو دھمکی موصول ہونے پر ہنگری کے جنگی طیاروں کی نگرانی میں بڈاپسٹ ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
سکیورٹی اداروں نے تمام دھمکیوں کو فرضی قرار دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق مختصر وقت میں متعدد یورپی ممالک کی پروازوں کو بیک وقت نشانہ بنانا ایک منظم مہم یا ہائبرڈ سکیورٹی خطرے کی نشاندہی کر سکتا ہے، جس کا مقصد یورپی فضائی نظام کو متاثر کرنا ہو سکتا ہے۔
یورپی ممالک کے انسداد دہشت گردی کے ادارے اور پولیس دھمکی آمیز ای میلز اور فون کالز کے پیچھے ملوث عناصر کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔



