latest newsPakistan

کچھی اور خاران میں سکیورٹی فورسز کے آپریشنز، 17 دہشت گرد ہلاک، جوان شہید

راولپنڈی: بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں سکیورٹی فورسز کے دو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 17 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں آپریشنز یکم نومبر کو کیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کچھی کے علاقے سنی میں کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے شہر میں سڑک بند کرکے رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کی کوشش ناکام بنا دی۔ اس دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

دوسری کارروائی ضلع خاران میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ وہاں سے بھی اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 25 سالہ سپاہی حکمت اللہ نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ شہید کا تعلق ضلع کرک سے تھا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں اور ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button