latest news

گورنر راج سے قبل بیرسٹر گوہر اور سہیل آفریدی کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

اسلام آباد: خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ سے ایک روز قبل چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے درمیان ہونے والی ملاقات کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں جنید اکبر، شاہد خٹک اور شفیع جان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بیرسٹر گوہر نے سہیل آفریدی کو آگاہ کیا کہ وفاقی حکومت صوبے میں گورنر راج نافذ کرنے کا فیصلہ کر چکی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر نے مؤقف اختیار کیا کہ مذاکراتی مسودے میں دہشت گردی سے متعلق ایک شق پر نظرثانی کر لی جائے تو معاملات بہتر ہو سکتے ہیں اور گورنر راج کا خطرہ ٹل سکتا ہے، تاہم سہیل آفریدی سمیت دیگر رہنماؤں نے ان کی تجویز سے اتفاق نہیں کیا۔

بیرسٹر گوہر نے اس معاملے پر اسد قیصر سے بھی آن لائن رابطہ کیا، تاہم وہ بھی اس تجویز سے متفق نہیں ہوئے۔ ملاقات کے اختتام پر بیرسٹر گوہر نے مبینہ طور پر کہا کہ ’’یہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہماری آخری ملاقات ہو سکتی ہے۔‘‘ بعدازاں انہوں نے ملاقات کی تفصیلات پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کو بھی بتائیں۔

ذرائع کے مطابق اس ملاقات سے دو روز قبل بیرسٹر گوہر نے شاہد خٹک اور شفیع جان سے رابطہ کرکے انہیں وفاقی حکومت کے ممکنہ فیصلے سے آگاہ کیا تھا۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ مذاکراتی مسودے کی ایک شق پر آمادہ ہو جاتے تو گورنر راج کا خطرہ ٹل سکتا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد خٹک اور شفیع جان کے رابطے کے بعد ہی سہیل آفریدی نے بیرسٹر گوہر کو وزیراعلیٰ ہاؤس آنے کی دعوت دی تھی۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کے بعد بیرسٹر گوہر نے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سے بھی ملاقات کی خواہش ظاہر کی، تاہم اسپیکر نے طبیعت ناساز ہونے کے باعث معذرت کر لی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس سے واپسی پر صوابی کے مقام پر بیرسٹر گوہر کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا پیغام موصول ہوا، جس میں انہوں نے پوچھا ’’اینی پراگریس؟‘‘ اس پر بیرسٹر گوہر نے جواب دیا ’’نو‘‘۔

دوسری جانب بیرسٹر گوہر نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ وہ گورنر راج سے قبل وزیراعلیٰ ہاؤس گئے تھے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ ملاقات میں ہونے والی گفتگو پارٹی کے اندرونی معاملات ہیں اور وہ ان پر میڈیا میں بات نہیں کرتے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button