مشتاق احمد کی اہلیہ نے خلع حاصل کر لی، فیملی کورٹ نے ڈگری جاری کر دی

اسلام آباد: سابق سینیٹر مشتاق احمد کی اہلیہ حمیرا طیبہ نے فیملی کورٹ سے خلع حاصل کر لی، عدالت نے نکاح ختم کرنے کی ڈگری جاری کر دی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کی فیملی جج امبرین اقبال نے حمیرا طیبہ کے حق میں خلع کی ڈگری جاری کی۔ عدالت نے قرار دیا کہ خاتون شوہر کے ساتھ مزید ازدواجی زندگی گزارنے پر آمادہ نہیں تھیں۔
عدالت کے مطابق فریقین کے درمیان مصالحت کی کوششیں ناکام ہونے کے بعد خاتون کے بیان حلفی کی روشنی میں خلع کی ڈگری جاری کی گئی۔ حمیرا طیبہ نے اپنے بیان میں شوہر سے نفرت اور ان کے ساتھ رہنے سے انکار کیا تھا۔
عدالت نے قرار دیا کہ حق مہر کے حوالے سے دونوں فریقین کا ایک دوسرے پر کوئی دعویٰ باقی نہیں رہا، جبکہ بچوں کے نان نفقے، غیر شادی شدہ بیٹیوں کے اخراجات اور دیگر استدعاؤں سے متعلق دعویٰ واپس لینے پر خارج کر دیا گیا۔
عدالت نے خلع کی ڈگری کی مصدقہ نقل مشتاق احمد اور متعلقہ یونین کونسل کو بھجوانے کا بھی حکم دیا۔



