آزادی صحافت کے حق میں لاہور پریس کلب میں احتجاج، سیاہ پرچم لہرائے گئے

لاہور (ہم شہری): پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کی ملک گیر کال پر پنجاب یونین آف جرنلسٹس (پی یو جے) کے زیر اہتمام لاہور پریس کلب میں یوم سیاہ منایا گیا اور آزادی صحافت کے حق میں احتجاجی کیمپ لگایا گیا۔ صحافیوں نے 3 نومبر 2007 کی ایمرجنسی، پیکا جیسے قوانین، میڈیا اداروں میں کارکنوں کی چھانٹیوں اور تنخواہوں کی بروقت عدم ادائیگی کے خلاف نعرے بازی کی اور سیاہ پرچم لہرائے۔

اس موقع پر صحافتی قیادت نے ملک کے کسی بھی حصے میں ایمرجنسی کے نفاذ کو غیر جمہوری اقدام قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ملک و قوم کے مسائل کے حل کے لیے عوام کی منتخب قیادت اور اسمبلیوں پر اعتماد کیا جائے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا میں نافذ ایمرجنسی اور گورنر راج فوری ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل اور لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے کہا کہ پاکستان کا میڈیا اور صحافی اس وقت مشکل ترین حالات میں پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔ ایک طرف پیکا جیسے قوانین نافذ کیے گئے ہیں اور اب تک پانچ سو سے زائد صحافیوں کے خلاف ان قوانین کے تحت مقدمات درج ہو چکے ہیں، جبکہ دوسری جانب میڈیا مالکان تنخواہیں اور واجبات بروقت ادا نہیں کر رہے۔ جبری برطرفیوں اور چھانٹیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ارشد انصاری نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے صحافیوں کے مسائل حل نہ کیے تو صحافی بلوچستان سے کراچی اور ملتان سے لاہور ہوتے ہوئے اسلام آباد تک لانگ مارچ کریں گے اور پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاجی دھرنا دیں گے۔

پی یو جے کے صدر نعیم حنیف اور جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی نے مطالبہ کیا کہ حکومت میڈیا اداروں کو دیے جانے والے اربوں روپے کے اشتہارات کا آڈٹ کرائے اور ان اداروں کے خلاف کارروائی کرے جو ملازمین کو بروقت تنخواہیں ادا نہیں کرتے یا انہیں ملازمتوں سے فارغ کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے میڈیا اداروں کے اشتہارات کی ادائیگیاں روک دی جائیں۔
احتجاجی کیمپ میں پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل ارشد انصاری، پی یو جے کے صدر نعیم حنیف، جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی، ایف ای سی کے ارکان شفیق اعوان، اعجاز مقبول، رانا شفیق پسروری، پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے صدر خواجہ نصیر، فیڈرل کمیشن فار دی پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز پنجاب کی تمثیلہ چشتی، ایسوسی ایشن آف فوٹو جرنلسٹس لاہور کے صدر وسیم نیاز، جنرل سیکرٹری عمران شیخ اور پی یو جے کے سابق صدر دین محمد درد سمیت سینئر صحافیوں اور صحافتی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر وسیم فاروق شاہد، ستار خان، شیر علی خالطی، صلاح الدین بٹ، زاہد عابد، ظہیر شہزاد، سالک نواز، جواد حسن گل، سید عتیق شاہ، ارشد علی، عطیہ زیدی، اللہ رکھا بٹ، اے آر گل، ریاض بھٹی، صداقت مغل، پرویز الطاف، وسیم سردار، محمد علی، عارف چودھری، جاوید اقبال، بابر شاہ، روحیل اکبر، قیصر مغل، محبوب عالم، کامران مغل، خالد امین، محمد علی جٹ، تنویر احمد، محمود شیرازی، اعتزاز ابراہیم، عاطف خاکوانی، ندیم شیخ، نیاز بالم، محسن بلال، حامد نواز، جاوید ہاشمی، رانا شہزاد، شہزاد ملک، رانا خالد قمر، مدثر خان، ارشد چودھری، خالد منصور، سید شاکر علی شاہ، قاسم علی، رانا نایاب اور حارث مرغوب سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔



