پنجاب میں کرپشن ہو رہی ہے، اپنے بیان پر قائم ہوں، چوہدری سالک حسین

اسلام آباد: وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے پنجاب میں کرپشن سے متعلق اپنے بیان پر قائم رہتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں کرپشن ہو رہی ہے، تاہم ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) لگوانے کے حوالے سے انہوں نے کوئی بات نہیں کی، متعلقہ افسر پہلے ہی تعینات تھا۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ اللہ غرور اور تکبر سے بچائے، وہ اپنے بیان پر قائم ہیں اور انہوں نے سچائی کے ساتھ سوالات کے جواب دیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب انسان کے پاس اختیار آتا ہے تو اسے عاجزی اختیار کرنی چاہیے، کرپشن کے معاملات کا تعلق صوبوں سے نہیں جوڑنا چاہیے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے وفاقی وزیر کو ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوانے کا اعلان کیا ہے۔
اٹک میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ چوہدری سالک کے پاس کرپشن کے الزامات کے ثبوت ہیں تو سامنے لائیں، بصورت دیگر انہیں عدالت میں لے جایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کسی پر بھی الزام لگا دیا جائے، الزامات کے ساتھ ثبوت بھی پیش کرنے چاہئیں۔
مریم نواز نے چوہدری سالک کے اس بیان پر بھی ردعمل دیا کہ پرویز الٰہی کی حکومت سب سے بہتر تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب وہ بارش کے دوران گجرات گئی تھیں تو وہاں اتنا پانی کھڑا تھا کہ ان کی گاڑی ڈوب گئی تھی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اگر حکومت اتنی کرپٹ ہے تو چوہدری سالک وفاقی وزیر بن کر کیوں بیٹھے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پنجاب میں افسران کی تعیناتی میرٹ پر کرتی ہیں اور سفارش پر آنے والے افسران ملک اور عوام کو نقصان پہنچاتے ہیں۔



